Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کی حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے مسلسل دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ان حملوں میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور عام شہری زخمی ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو ایکس پر اپنے ایک خصوصی بیان میں سعودی مسلح افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فوری کارروائی کی تعریف کی جنہوں نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر کے قیمتی انسانی جانوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھا۔
’سعودی عرب کا دفاع ہمارا عزم ہے‘
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اپنے بھائی ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ اور سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کی روشنی میں سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم مکمل طور پر پختہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے اس قانونی اور آئینی حق کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے شہریوں، شہروں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔‘
حوثی حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ
پاکستانی وزیرِ اعظم نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب پر اپنے حملے فوراً بند کرے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ’پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔‘
حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی حدود اور شہری تنصیبات پر حملوں کی کوششوں کے بعد خطے میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے، جس پر پاکستان سمیت دیگر عالمی برادری تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔

 

شیئر: