Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عازمین کے لیے سُود سے پاک ’حج سیونگ پلان‘ کیا ہے؟

عازمینِ حج ڈیجیٹل ذرائع سے ماہانہ بنیاد پر رقم جمع کرا سکیں گے ( فوٹو: ایس پی اے)
وزیراعظم پاکستان نے عازمینِ حج کی سہولت اور حج کی پیشگی مالی منصوبہ بندی کے لیے وزارتِ مذہبی امور، وزارتِ خزانہ اور قومی بچت کی جانب سے پیش کی جانے والی مشترکہ سمری کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد تینوں حکومتی اداروں کے اشتراک سے پاکستانی عازمینِ حج کے لیے شرعی اصولوں کے عین مطابق سود سے پاک ’حج سیونگ پلان‘ متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگئی۔
 وزارتِ مذہبی امور کے بیان کے مطابق وفاقی سیکرٹری ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ حج سیونگ پلان کے تحت عازمینِ حج مقدس سفر کی تیاری کے لیے پیشگی اور باقاعدہ بچت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
مجوزہ نظام کے ذریعے عازمینِ حج ڈیجیٹل ذرائع سے ماہانہ بنیاد پر رقم جمع کرا سکیں گے جبکہ اپنی مرضی کے مطابق بچت کی مدت کے انتخاب، فنڈز کی فیملی ٹرانسفر، کسی بھی وقت بلا کٹوتی رقم کی واپسی سمیت دیگر سہولتوں سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔
سیکرٹری مذہبی امور نے کہا ’حج سیونگ پلان‘ کا بنیادی مقصد عازمینِ حج کو سفر حج کے اخراجات کے لیے بروقت اور منظم مالی منصوبہ بندی کا موقع فراہم کرنا، بڑھتی مہنگائی کا مقابلہ اور مقدس سفر کی تیاری کو مزید آسان بنانا ہے۔
 متعلقہ ادارے منظور شدہ سمری کے مطابق اس کے قواعد و ضوابط دو ماہ کے اندر تیار کریں گے ۔ قواعد میں حج سیونگ فنڈ کے ساتھ عمرہ سیونگ سکیم اور زیارات سیونگ سکیم کی گنجائش بھی رکھی جائے گی۔
 بیان کے مطابق حج سیونگ پلان کے طریقہ کار، اہلیت، مدت، ڈیجیٹل سہولتوں اور دیگر متعلقہ تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے لیے جاری کی جائیں گی۔

 

شیئر: