حج 2027 کی تیاری: 78 ملکوں کے حج دفاتر کے ساتھ اجلاسوں کا سلسلہ مکمل
اجلاسوں کا مقصد آئندہ حج سیزن سے قبل تیاریوں کو بہتر بنانا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے 78 ممالک کے حج دفاتر کے ساتھ حج 2027 کی ابتدائی تیاری اجلاسوں کا سلسلہ مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حج امور کے دفاتر کے ساتھ اجلاسوں کا مقصد آئندہ حج سیزن سے قبل تیاریوں کو بہتر بنانا، آپریشنل منصوبوں کی نگرانی اور ریکوائرمنٹ اور ٹائم لائنز کو ہم آہنگ کرنا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق تیاری اجلاسوں میں منظور شدہ شیڈول پر عملدرآمد میں پیش رفت، حج پیکیج کے طریقہ کار اور سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ معاہدوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
آگاہی اور رہنمائی کے پروگرام، حج آپریشنز کو منظم کرنے کے ضوابط، رہائش، ٹرانسپورٹ، کیٹرنگ سروسز اور کراؤڈ مینجمنٹ سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت نے کہا کہ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کے لیے معاہدوں اور انتظامات کی تکمیل الیکٹرانک نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے جس میں 500 سے زائد ڈیجیٹل خدمات، 80 سے زیادہ سرکاری، آپریشنل اور 5 ہزار سے زائد سروسز ادارے شامل ہیں۔
واضح رہے حج 2027 کی تیاریوں کا آغاز گزشتہ حج کے اختتام کے ساتھ کردیا گیا تھا۔ پیشگی تیاریوں کا یہ طریقہ کار حج انتظامات کو مزید منظم، آسان اور بروقت انتظامات مکمل کرنے میں معاون ہے۔
