Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری حج سکیم: پاکستان میں عازمین واجبات کی دوسری قسط کب جمع کرائیں؟

دوسری قسط جمع کروانے کی تاریخ 5 سے 20 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے سرکاری عازمین  کے لیے واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کی تاریخ 5 سے 20 اکتوبر 2026 مقرر کی ہے۔
سرکاری سکیم کے عازمین حج مقررہ مدت کے دوران حج واجبات کی دوسری قسط پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔ 
وزارت نے بیان میں عازمین کو مقررہ مدت کے اندر حج واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ 
مقررہ تاریخ تک دوسری قسط جمع نہ کروانے کی صورت میں حج کی درخواست منسوخ کر دی جائے گی جبکہ پہلے سے جمع شدہ رقم عازم حج کے اکاؤنٹ میں واپس بھجوا دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا کہ دوسری قسط جمع کروانے سے قبل حج میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل پر اپلوڈ کرنا لازمی ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں حج 2027 کے لیے سرکاری سکیم کی بکنگ صرف سات دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگئی تھی۔
سرکاری حج سکیم کے تحت واجبات کی وصولی کا عمل 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب شروع ہوا تھا، سرکاری سکیم کی نشستیں مقررہ کوٹے کے مطابق مکمل ہوگئیں۔
 جدید ڈیجیٹل حج پلیٹ فارم نے بکنگ اور واجبات کی ادائیگی کے پورے عمل کو آسان، تیز رفتار اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

شیئر: