قصیم میں امریکی دیہی طرز کا فارم ہاؤس، مقامی اور غیرملکی سیاحوں میں مقبول
اتوار 11 اکتوبر 2026 7:57
فارم میں ایک ہزار سے زائد بیری کے درخت لگائے گئے ہیں (فوٹو: عکاظ)
قصیم ریجن سے تعلق رکھنے والے سعودی جوڑے نے ریجن کے علاقے البکیریہ میں امریکی دیہی طرز کا فارم ہاؤس قائم کیا ہے جس کی شہرت قصیم سے نکل کر مملکت اور بیرون ملک تک پھیل گئی۔
الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق فارم ہاؤس کے مالک کے بیٹے ابراہیم الحدیثی نے بتایا کہ ان کے والدین اعلٰی تعلیم کے لیے امریکہ گئے جہاں انہیں دیہی فارمز بہت پسند آئے۔
انہوں نے واپس آنے کے بعد قصیم ریجن میں اسی طرز کے فارم ہاؤس قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ علاقے کے لوگ ان سے لطف اندوز ہو سکیں۔
فارم ہاؤس میں موجود کاٹیجز کے ڈیزائن منفرد ہیں۔ قدیم کلاسِک گاڑیاں بھی وہاں رکھی گئی جبکہ انواع و اقسام کے پرندے اور جانور فارم ہاؤس کی رونق کو دوبالا کرتے ہیں۔
فارم کے مختلف مقامات پر ایک ہزار سے زائد بیری کے درخت لگائے گئے ہیں جو مختلف کاٹیجز کے درمیان اس طرح اگائے گئے ہیں کہ وہ سائے کی فراہمی کے ساتھ فارم کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں۔
ابراہیم الحدیثی نے مزید کہا کہ فارم کے افتتاح کے بعد ابتدائی ایام میں یہاں آنے والے قصیم ریجن کے رہائشی تھے تاہم جیسے جیسے اس فارم ہاؤس کی شہرت ریجن سے نکل کر باہر گئی مملکت کے دیگر علاقوں سے بھی لوگ یہاں آنے لگے اور اب تو خلیج کے علاوہ مختلف یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قصیم کے گورنر ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے فارم ہاؤس کے قیام میں بھر پور تعاون کیا جبکہ وزیر سیاحت کی جانب سے بھی اس کوشش کو سراہا گیا ہے۔
