Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعمیراتی جدت کا شاہکار، قصیم میں بریدہ واٹر ٹاور کی بڑھتی سیاحتی اہمیت

قصیم ریجن کے بریدہ شہر میں واقع واٹر ٹاور کا شمار علاقے کی نمایاں تعمیراتی یادگاروں اور سیاحتی مقامات میں ہونے لگا ہے۔ منفرد انجینیئرنگ کا یہ شاہکار علاقے کی ترقی اور تعمیراتی ارتقا کا عکاس ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ٹاور، بریدہ شہر کے وسط میں شاہ عبدالعزیز روڈ کے ’الصفرا‘ محلے میں واقع ہے۔ اس کا مجموعی رقبہ 50 ہزار مربع میٹر ہے جبکہ ٹاور کی بلند و بالا تعمیر شہر کے افق کو ایک منفرد منظر عطا کرتی ہے۔
ٹاور کی تعمیر سنہ 1981 میں شروع کی گئی تھی، اس منصوبے کو مکمل ہونے میں چار برس لگے تھے۔ اس کی بلندی تقریباً 66 میٹر جبکہ اس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش تقریباً آٹھ ہزار 400 مکعب میٹر سے زیادہ ہے۔
اس ٹاور کا منفرد ڈیزائن ایک مرکزی ستون پر قائم ’گول‘ بالائی حصے پر مشتمل ہے جس کا قطر 42.2 میٹر ہے۔
چار منزلہ ٹاور کی نچلی منزلوں کو پانی کی فراہمی، پمپنگ اور نیٹ ورک کی نگرانی کے لیے درکار تکنیکی اور آپریشنل سہولتوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جبکہ بالائی منزل میں استقبالیہ ہال اور ایک پینورامک ویو پوائنٹ ہے جہاں سے شہر کے مختلف علاقوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

بنیادی آبی خدمات کی فراہمی کے علاوہ یہ ٹاور اب سیاحوں اور تعمیراتی و سول انجینیئرنگ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بھی ایک پُرکشش مقام بن چکا ہے۔
اس کا منفرد طرز تعمیر اور شہر کا دلکش منظر سیاحوں کے تجربے کو مزید خوشگوار بناتا ہے اور بریدہ شہر میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

مقامی آبادی کے لیے یہ ٹاور جدید شہر کی تاریخ اور اجتماعی یادداشت کا اہم حصہ بھی ہے۔ شہری ترقی کے سفر کی گواہی دینے والی یہ یادگار اپنی انجینیئرنگ جدت اور منفرد تعمیراتی شناخت کے باعث بریدہ کی نمایاں علامت کا درجہ بھی رکھتی ہے۔

 

شیئر: