Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کا سن سیٹ واک وے، سمندر کنارے خوبصورت شام کا منفرد نظارہ

واک وے سیاحوں کے لیے کھلی فضا میں وقت گزارنے کا ایک بہترین مقام ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان شہر کا ’سن سیٹ واٹر فرنٹ‘ سیاحت اور تفریح کا ایک ایسا منفرد تجربہ پیش کرتا ہے جہاں سمندر کے عین اوپر ’سن سیٹ واک وے‘ کے ذریعے ساحلی نظاروں کے ساتھ چہل قدمی سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ساحل سے  سمندر کے اندر تک جانے والا یہ واک وے سیاحوں اور مقامی افراد کو سمندر اور افق کا دلکش نظارہ فراہم کرتا ہے۔
واٹر فرنٹ سیاحوں کے لیے کھلی فضا میں وقت گزارنے کا ایک بہترین مقام ہے۔ یہ دن کے مختلف اوقات میں دلکش قدرتی مناظر کی تصاویر، ویڈیوز بنانے اور یادگار لمحات کو محفوظ بنانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
جیسے جیسے سورج ڈھلنے کے قریب اور شام کے سائے گہرے ہوتے ہیں آسمان کے بدلتے رنگ سمندر کی سطح پر منعکس ہونے لگتے ہیں جس سے ایک دلکش منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ قدرتی نظارہ فوٹو گرافی کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
فوٹو گرافی کے شوقین افراد غروب آفتاب، روشنی کے بدلتے ہوئے انداز اور پانی پر اس کے عکس کو اپنے کیمرے میں قید کرتے ہیں۔
واک وے سے غروبِ آفتاب کے مناظر کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ لہروں کی مدھم حرکت اور سمندر کی گہری خاموشی ماحول میں سکون اور تازگی کا احساس بھر دیتی ہیں۔ دور تک پھیلا افق اور وسیع سمندری منظر سن سیٹ واٹر فرنٹ کے حسن کو مزید نکھار دیتا ہے۔

سن سیٹ واٹر فرنٹ جازان کے اہم ساحلی مقامات میں سے ایک ہے جو اپنی قدرتی خوبصورتی کے ذریعے سیاحوں کو سمندر کے کنارے چہل قدمی اور پرسکون ماحول فراہم کرتا ہے۔

 

شیئر: