وہ روایتی اشیا جو جازان کے طرزِ زندگی کی عکاسی کرتی ہیں
جازان ریجن میں روزمرہ زندگی سے جڑی روایتی اشیا کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے جو گھروں، کھیتوں اور سمندر میں استعمال ہوتی تھیں۔ یہ مقامی لوگوں کی قدرتی مواد کو استعمال کرتے ہوئے کھانا پکانے کے برتن، پانی کے برتن، فرنیچر اور ماہی گیری کی کشتیوں سمیت مختلف اشیا بنانے کی مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مٹی کے برتن ان میں سب سے نمایاں ہیں جن میں ’جرہ‘ شامل ہے جو پانی ذخیرہ کرنے اور اسے ٹھنڈا رکھنے کے لیے استعمال ہونے والا مٹی کا برتن ہے۔ ’حیسیہ‘ روایتی پکوان تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا مٹی کا برتن ہے جبکہ ’برمہ‘ گوشت، ھریس اور شوربہ پکانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
مٹی کا کافی دان ’جبانہ‘ جازانی مہمان نوازی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور ’مرکب‘ یعنی مٹی کے روایتی چولہے پر کافی تیار کرنے اور گرم رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
کچن کی اہم مقامی چیزوں میں ’میفا‘ شامل ہے جو حنیث اور دیگر کھانے پکانے کے لیے استعمال ہونے والا ایک مٹی کا تنور ہے۔ یہ اب بھی جازانی گھروں اور روایتی مارکیٹوں میں پایا جاتا ہے۔

جازان کے قدیم گھروں میں ’قعدہ‘ یعنی لکڑی کا روایتی کم اونچائی والا بیڈ بیٹھنے اور سونے کے لیے فرنیچر کے ایک اہم حصے کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔
ساحل کے ساتھ، مقامی ماہی گیری کی کشتیاں بشمول ’ھوری‘ اور ’سنبوک‘ ماہی گیروں کی سہولت کے لیے بنائی گئی تھیں جو جازان کے ساحلی گورنریٹس کے سمندری ورثے کا حصہ ہیں۔

جیسے جیسے طرزِ زندگی بدلا ہے، کچھ اشیاء کا روزمرہ کا استعمال کم ہوا ہے جبکہ اس سے جڑی دستکاریاں جازان کے ہاؤس آف آرٹیزنز کے ذریعے جاری ہیں جو دستکاروں کو روایتی فرنیچر بنانے، ٹوپیاں بُننے، سیپیوں کے کام اور کھجور کے پتوں سے ٹوکریاں بنانے کی تربیت دیتا ہے۔
