پشاور سکول سانحہ: ’ناقص مٹیریل اور بوسیدہ عمارت‘ ، 30 بچوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج
جمعہ 16 اکتوبر 2026 10:35
پاکستان کے صوبہ پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی سکول کی عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ آغہ میر جانی شاہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ’الخیر ایجوکیشن سسٹم‘ نامی نجی سکول کی چھتیں گرنے کے حادثے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 31 افراد ہلاک جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سعید آباد دیر کالونی میں واقع 16 مرلے کی زمین پر قائم سکول کی عمارت میں پیش آیا۔
ایف آئی آر میں موقعے کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سکول کی عمارت ناقص مٹیریل سے تعمیر کی گئی تھی اور اس کی چھتیں و دیواریں غیر موزوں اور بوسیدہ ہو چکی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ’سکول میں زیرِ تعلیم بچوں نے کئی مرتبہ عمارت کے مالکان اور شیئر ہولڈرز کو اس کی بوسیدہ حالت کے بارے میں شکایت کی تھی اور خدشات کا اظہار کیا تھا لیکن اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔‘
اس واقعے کے وقت دوسری منزل میں نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کی کلاس کے کمرے کی چھتیں گرنے کے نتیجے میں وہاں موجود بچے ملبے تلے دب گئے۔
پولیس نے مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322 (قتل بالسبب)، 148 اور 149 کے تحت درج کیا ہے۔
ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے کارروائی جاری ہے جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تفصیلات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
