Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کی القدس میں کولمبیا کا سفارتخانہ کھولنے کی مذمت

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کولمبیا اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ سمیت متعدد اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے کولمبیا کی جانب سے ’القدس‘ میں سفارتخانہ کھولنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی  کے مطابق اسلامی وعرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کولمبیا کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سے متصادم اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ و پائیدار امن کے حصول کے لیے جاری کوششوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنے، یا اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے لیے کیے جانے والے کسی بھی اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کا حوالے دیتے ہوئے اسے سلامتی کونسل کی قررار داد نمبر 476 بمطابق 1980 اور 478 کی خلاف ورزی قرار دیا، جن میں بیت المقدس کی حیثیت یا کردار تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کیا گیا ہے۔
قرار دادوں میں ان ممالک سے کہا گیا تھا کہ وہ شہر سے اپنی سفارتی نمائندگیاں واپس لیں، جو 1967 میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا حصہ ہے۔
مشترکہ بیان میں کولمبیا کی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے واپس لےاور بین لاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو متاثر کرتے ہوں۔
وزرائے خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق میں ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہے، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
مشترکہ بیان پر سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ ، فلسطین ، انڈونیشیا، اردن ، الجزائر، جیبوتی، شام، جمہوریہ سوڈان، صومالیہ ، سلطنت عمان، قطر، کویت ، لبنان ، لیبیا، ملائیشیا، مصر، یمن سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے دستخط کیے ہیں۔

شیئر: