تبوک ریجن میں ام عنم بیچ، اس کے نام سے جڑی کہانی کیا ہے؟
جمعرات 22 اکتوبر 2026 10:15
عنم بیچ تفریح اور تیراکی کے لیے انتہائی پسندیدہ مقامات میں سے ایک ہے (فوٹو: ایس پی اے)
تبوک ریجن کی حقل کمشنری میں ’ام عنم‘ بیچ نہ صرف رہائشیوں بلکہ دیگر علاقوں سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی تفریح اور تیراکی کے لیے انتہائی پسندیدہ مقامات میں سے ایک ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ام عنم بیچ قدرتی حسن، صاف و شفاف پانی اور تیراکی کے لیے موزوں ماحول کی وجہ سے ساحلی تفریح کے لیے ہر خاص و عام میں مقبول ہے۔
یہاں پائے جانے والے ’عنم‘ کے درختوں کی وجہ سے اسے ’عنم‘ بیچ کہا جاتا ہے۔ ماضی میں اس وادی میں بڑی تعداد میں یہ درخت پائے جاتے تھے۔
یہ درخت سیال کے درختوں کے ساتھ گھنے اور باہم جڑے ہوئے انداز میں نشوونما پاتے ہیں اور خوبصورت پھولوں کی وجہ سے نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔

ساحل کا نام آج بھی علاقے کے قدرتی ماحول اور مقامی ورثے سے جڑے ماضی کی یاد تازہ کرتا ہے۔
ام عنم بیچ اپنے شفاف نیلگوں پانی، نرم ریت اور بتدریج گہرے ہونے والے پانی کے باعث مختلف عمر کے افراد کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ اس کی انفرادیت اس کی ہلال نما ساخت ہے۔

یہ بیچ اب محض تیراکی یا تفریح کا مقام نہیں رہا بلکہ حقل کمشنری کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شامل ہو چکا ہے۔
تعطیلات اور سیاحتی سیزن کے دوران یہاں بڑی تعداد میں مقامی اور بیرونی سیاح آتے ہیں جہاں انہیں پرسکون ماحول، صاف سمندر اور قدرتی مناظر کے درمیان تفریح کا بہترین موقع میسر آتا ہے۔
