Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک کی چٹانیں، تاروں بھرے آسمان کا دلکش فلکیاتی منظر

بلند پہاڑی سلسلے رات کو سیاہ آسمان سے ہم آہنگ ہوتے دکھائی دیتے ہیں (فوٹو،ایس پی اے)
مملکت کے شمال مغرب میں واقع تبوک ریجن کی دلکشی دن کے وقت ہی نہیں بلکہ رات کو بھی سحرانگیزمناظر سے بھرپوراورفلکیاتی فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے باعث کشش ہوتی ہے۔
ریجن کے بلند و بالا پہاڑی سلسلے رات کے وقت سیاہ آسمان سے ہم آہنگ ہوتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ستاروں اور کہکشاں ایسے جغرافیائی خطوں کے اوپر جگمگاتے ہیں جو فلکیاتی مناظر کو ایک منفرد بصری شناخت عطا کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق تبوک ریجن کے مختلف علاقوں میں موجود چٹانی تشکیلیں فلکیاتی فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے خاص کشش رکھتی ہیں۔ یہاں زمین کی جزئیات اور وسیع و عریض آسمان کو ایک ہی تصویر میں سمٹنے کے بھرپور امکانات موجود ہوتے ہیں۔
ریجن کی مغربی سمت کے علاقوں میں چٹانی اور جغرافیائی تنوع سے مالا مال قدرتی مناظر کی کمی نہیں، جہاں بڑی چٹانیں اور پہاڑی سلسلے وسیع کھلے میدانوں کے ساتھ ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔
یہ حسین امتزاج فوٹوگرافی کے شوقین افراد کو مختلف زاویوں سے تصاویر بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں مشاہدے کی جگہ اور اجرامِ فلکی کی حرکت کے ساتھ ان مناظر کی کیفیت بھی بدلتی رہتی ہے۔

فلکیاتی فوٹو گرافی کے شوقین افراد کے لیے مثالی مقام ہے(فوٹو، ایس پی اے)

آسمان پرسجے ستاروں سے لے کر ’ملکی ویے‘ (کہکشاں) اور مختلف فلکیاتی مظاہر تک، فوٹوگرافروں کو یہاں نت نئے بصری امتزاج آزمانے کے لیے وسیع میدان میسرآتا ہے۔
روشنی کے مصنوعی ذرائع سے دور جانے کے ساتھ ان مقامات کی فلکیاتی فوٹوگرافی کے لیے کشش مزید بڑھ جاتی ہے۔
حد نگاہ تک پھیلی تاریکی آسمانی اجرام کو زیادہ واضح طورپر نمایاں کرنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ مناسب چٹانی تشکیل، کیمرے کے لینز کی سمت اور اجرام فلکی کے نمودار ہونے کے درست وقت کا انتخاب فوٹوگرافرز کو زمین اور آسمان کے عناصر کو ہم آہنگ اور مکمل منظر میں ڈھالنے کی زیادہ صلاحیت فراہم کرتا ہے۔

رات کے ڈھلتے ہی علاقے حسین مناظر میں تبدیل ہوجاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے) 

علاقے کا قدرتی تنوع فلکیاتی فوٹوگرافی اور رات کے سیاحتی تجربات سے دلچسپی رکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے امکانات بھی بڑھا دیتا ہے۔
خطے میں موجود کھلے مقامات اور مختلف نوعیت کے چٹانی مناظر کو مختلف فوٹوگرافی تکنیکوں کے ذریعے دریافت اور محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
رات کے ڈھلتے ہی تبوک ایک ایسے قدرتی منظر نامے میں تبدیل ہوجاتا ہے جو روایتی مناظر کی حدود سے کہیں آگے ہے۔ ستاروں سے سجے آسمان تلے سربلند چٹانیں اور وسیع کھلے میدان کیمرے کو تخلیقی امکانات کی ایک وسیع دنیا فراہم کرتے ہیں۔

شیئر: