Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تشخیص زندگی بچا سکتی ہے‘: مملکت میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کی مہم

جدہ میں اس اکتوبر چھاتی کے کینسر سے آگاہی کی مہمات ہسپتال کی چاردیواری سے کہیں آگے تک پہنچ رہی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ میں اس اکتوبر چھاتی کے کینسر سے آگاہی کی مہمات ہسپتال کی چاردیواری سے کہیں آگے تک پہنچ رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاپنگ سینٹرز اور کیفے سے لے کر سکولوں، ہوٹلوں اور رننگ کلبوں تک، شہر بھر کی تنظیمیں روزمرہ کی سرگرمیوں میں آگاہی کی مہمات کو شامل کر رہی ہیں تاکہ عوامی مقامات کا استعمال کرتے ہوئے بیماری کی بر وقت تشخیص کے بارے میں بات چیت کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور اس بیماری سے متاثرہ خواتین کی مدد کی جا سکے۔
ایسی ہی ایک کوشش ’یو واک‘ جدہ میں کی جا رہی ہے جہاں سیل کارنر عربی تھیم ’فارورڈ ان پِنک‘ کے تحت 21 سے 24 اکتوبر تک چار روزہ لائف سٹائل نمائش کی میزبانی کر رہا ہے۔ صبا العمودی ایونٹ مینجمنٹ کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس تقریب میں حصہ لینے والے برینڈز کی آمدنی کا ایک حصہ زہرہ بریسٹ کینسر ایسوسی ایشن کو عطیہ کیا جائے گا۔
منتظم صبا العمودی کے لیے اس کا مقصد ایک مقبول ریٹیل ایونٹ کا استعمال کرتے ہوئے ان خواتین تک پہنچنا ہے جو شاید عام طبی مہمات میں دلچپسی نہ لیتی ہوں۔
صبا العمودی نے کہا کہ ’میرے لیے کامیابی صرف اس بات سے نہیں ناپی جاتی کہ کسی تقریب میں کتنے لوگ آتے ہیں یا اس سے کتنا کاروبار ہوتا ہے بلکہ اس اثر سے ناپی جاتی ہے جو وہ پیچھے چھوڑتی ہے۔ سیل کارنر کے ساتھ، ہم ایک عام خریداری کے تجربے کو ایک غیر معمولی مقصد کی حمایت کے موقع میں بدلنا چاہتے تھے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’اگر ایک خاتون بھی یہ یاد دہانی لے کر واپس جاتی ہے کہ بر وقت تشخیص اس کی زندگی بچا سکتی ہے تو اس تقریب نے پہلے ہی ایک انمول مقصد حاصل کر لیا ہے۔ کیونکہ سب سے معنی خیز تقاریب صرف وہ نہیں ہوتیں جن میں لوگ شرکت کرتے ہیں بلکہ وہ ہوتی ہیں جو کوئی مثبت تبدیلی لاتی ہیں۔‘
مہمان نوازی کا شعبہ بھی اس مہم میں شامل ہو رہا ہے۔

فٹنس گروپس ایک مختلف طریقہ استعمال کر رہے ہیں، جو اجتماعی ورزش کے ذریعے عوامی جگہوں پر آگاہی پھیلا رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

دی ہوٹل گیلریا جدہ، کیوریو کلیکشن بائی ہلٹن، 22 اکتوبر کو پنک اکتوبر آگاہی کی تقریب کی میزبانی کرے گا جس میں طبی خدمات فراہم کرنے والوں، کمیونٹی تنظیموں اور کارپوریٹ شراکت داروں کو اکٹھا کیا جائے گا تاکہ آگاہی کو فروغ دیا جا سکے اور طبی معائنے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
شرکاء میں وزارتِ صحت، جدہ سیکنڈ ہیلتھ کلسٹر، ڈیلٹا میڈیکل لیباریٹریز اور کنگ سعود بن عبدالعزیز یونیورسٹی فار ہیلتھ سائنسز کا کالج آف نرسنگ شامل ہیں۔
ہوٹل کے جنرل مینیجر ربیع الاطرشص نے کہا کہ تجارتی ادارے عوامی صحت کے پیغامات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’چھاتی کے کینسر سے آگاہی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے مسلسل تربیت، کھلی بات چیت اور اجتماعی عمل کی ضرورت ہے۔ بر وقت تشخیص سے علاج کے نتائج میں نمایاں فرق پڑ سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ خواتین کو باقاعدہ معائنہ کروانے اور اپنی صحت کے لیے فعال اقدامات کرنے کی ترغیب دینا ضروری ہے۔‘

شہر بھر میں، کیفے اور کھانے پینے کے ادارے بھی اپنے پروڈکٹس اور پروموشنز میں پنک اکتوبر تھیم کو شامل کر رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہوٹل میں، ہمارا ماننا ہے کہ ہمارا کردار صرف مہمان نوازی تک محدود نہیں ہے بلکہ معاشرے میں مثبت تعاون فراہم کرنا بھی ہے۔ ہمیں اس اہم اقدام پر اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے اور ان کوششوں کی حمایت کرنے پر فخر ہے جو خواتین کو آگاہی، معلومات اور حوصلہ افزائی سے بااختیار بناتی ہیں۔‘
شہر بھر میں، کیفے اور کھانے پینے کے ادارے بھی اپنے پروڈکٹس اور پروموشنز میں پنک اکتوبر تھیم کو شامل کر رہے ہیں۔
آرچی کیفے نے اپنے دوبارہ استعمال کے قابل کافی کپ کا ایک خاص بریسٹ کینسر ایڈیشن پنک پیکجنگ کے ساتھ متعارف کرایا ہے جبکہ نمق کیفے فینٹی بیوٹی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
دیگر ادارے اپنی فروخت کو رفاہی مقاصد سے جوڑ رہے ہیں۔ نوا فوڈز اکتوبر کے لیے پنک سٹرابیری آئس کریم پیش کر رہا ہے جبکہ کافی چین 92 ڈگری نے اپنا روز کینوس ڈرنک متعارف کرایا ہے، جس کی آمدنی کا کچھ حصہ زہرہ ایسوسی ایشن کے معائنے، علاج اور آگاہی کے پروگراموں کی حمایت کے لیے جائے گا۔
فٹنس گروپس ایک مختلف طریقہ استعمال کر رہے ہیں جو اجتماعی ورزش کے ذریعے عوامی جگہوں پر آگاہی پھیلا رہے ہیں۔ مسافات رننگ کلب پیدل چلنے اور دوڑنے کی آگاہی کو فروغ دینے اور مریضوں اور اس بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے ایک ذریعہ کے طور پر اجاگر کر رہا ہے۔

یہ تمام اقدامات مل کر چھاتی کے کینسر سے آگاہی کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانے کی ایک بڑھتی ہوئی کوشش کی عکاسی کرتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

کلب کے ایگزیکٹیو مینیجر خالد یمانی کا کہنا ہے کہ ’آگاہی پر مبنی پیدل چلنے اور دوڑنے کی تقاریب کا انعقاد خاص طور پر اہم ہے کیونکہ یہ اقدامات کھیلوں اور سماجی ذمہ داری کو ایک ساتھ لاتے ہیں۔ یہ تقاریب خاندانوں اور افراد کو شامل کرتی ہیں جبکہ مریضوں اور صحتیاب ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کو مضبوط کرتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوامی صحت کے اہداف کی حمایت میں کمیونٹی کی شرکت کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
’کینسر سے آگاہی صرف ایک طبی پیغام نہیں ہے، یہ ایک مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے جو زندگیوں کو بچانے اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’حکومتی اداروں اور کمیونٹی تنظیموں کی اجتماعی کوششوں کے ذریعے، کھیل اور آگاہی کے اقدامات معلومات پھیلانے، بر وقت تشخیص کی ترغیب دینے اور حفاظتی اقدامات کو اجاگر کرنے، یکجہتی اور امید کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے مضبوط پلیٹ فارم بن جاتے ہیں۔‘
اس دوران، سکول اس مہم میں چھوٹی نسلوں کو شامل کر رہے ہیں۔
جدہ پریپ اینڈ گرامر سکول کینسر سے آگاہی کا دن منا رہا ہے جس میں طلبہ کو یکجہتی کی علامت کے طور پر گلابی رنگ کی اشیا پہننے کی ترغیب دی جا رہی ہے جبکہ رضاکارانہ عطیات ایک مقامی فلاحی ادارے کی مدد کریں گے۔ یہ سرگرمیاں طلبہ میں آگاہی، ہمدردی اور تفہیم کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔
بلومز سکول بھی پنک اکتوبر کے اقدامات میں حصہ لے رہا ہے جس میں چھاتی کے کینسر کی تعلیم اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
یہ تمام اقدامات مل کر چھاتی کے کینسر سے آگاہی کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانے کی ایک بڑھتی ہوئی کوشش کی عکاسی کرتے ہیں جو لوگوں تک ان جگہوں پر پہنچاتے ہیں جہاں وہ خریداری کرتے ہیں، ورزش کرتے ہیں، پڑھتے ہیں اور وقت گزارتے ہیں، بجائے اس کے کہ اس بات چیت کو صرف طبی مراکز تک محدود رکھا جائے۔

 

شیئر: