Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریسٹ کینسر کی دوا بنانے والی فرم 21 ارب ڈالر میں فروخت

گیلاڈ سائنسز امریکہ کی بڑی ادویہ ساز کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
امریکہ کی بڑی فارماسیوٹیکل کمپنی گیلاڈ سائنسز نے تصدیق کی ہے کہ وہ بریسٹ کینسر کی ادویات بنانے والی امریکی بائیو ٹیک فرم امونومیڈکس کو 21 ارب ڈالر میں خرید رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق خریداری کا یہ معاہدہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں حتمی شکل اختیار کرے گا اور اس کے تحت گیلاڈ سائنسز، امونومیڈکس کے شیئرز دوگنا سے بھی زیادہ قیمت پر خریدے گی۔
اس وقت امونومیڈکس کے ایک شیئر کی قیمت 42 ڈالر ہے جبکہ گیلاڈ اس کو 88 ڈالر فی شیئر میں خرید رہی ہے۔

 

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ادویہ ساز کمپنی گیلاڈ اس خریداری کے لیے 15 ارب ڈالر کی رقم نقد جبکہ چھ ارب ڈالر کے بانڈز کی شکل میں دے گی۔
گیلاڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈینیئل اوڈے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ خریداری کمپنی کے کینسر کے علاج پر کام کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
نیو جرسی ریاست میں قائم ادویہ ساز کمپنی امونومیڈکس بریسٹ کینسر کی ایک خطرناک اور تیزی سے پھیلتی قسم ٹرپل نیگیٹیو کے علاج کے لیے میڈیسن بناتی ہے جس کو رواں سال اپریل میں امریکی ڈرگ اتھارٹی نے منظور کیا تھا۔
امریکن کینسر سوسائٹی کے مطابق ٹرپل نیگیٹیو بریسٹ کینسر ملک میں پائے جانے والے بریسٹ کینسر میں سے 10 سے 15 فیصد کو ظاہر کرتا ہے۔
امونومیڈکس کی بنائی جانے والی دوا کو چھاتی کے سرطان کے علاوہ لبلبے اور پھیپھڑوں کے کینسر کے علاج میں بھی آزمانے کے لیے ریسرچ کی جا رہی ہے۔
اپریل میں دوا کی منظوری کے بعد امونومیڈکس کے شیئرز کی قیمت سٹاک مارکیٹ میں 90 فیصد اوپر گئی ہے۔
گیلاڈ نے خون کے سرطان کے علاج پر کام کرنے والی کمپنی فورٹی سیون کو اپریل میں چار ارب 90 کروڑ ڈالر میں خریدا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں