استنبول میں سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اجلاس
جمعہ 23 اکتوبر 2026 16:22
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اس اجلاس کی میزبانی کر رہے ہیں (فائل فوٹو: دفتر خارجہ پاکستان)
ترکیہ کے شہر استنبول میں یورپی ممالک کے اعلیٰ سفارت کاروں اور ترکیہ، سعودی عرب، پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو اجلاس میں علاقائی اور عالمی امور میں حالیہ پیش رفت، بالخصوص یمن کی صورتحال، امریکہ۔ایران تنازع، فلسطین کا مسئلہ، روس۔یوکرین بحران، آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری آمدورفت کی آزادی کی بحالی اور تحفظ، نیز خطے کے ممالک کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق برطانیہ، فرانس اور جرمنی پر مشتمل ای تھری گروپ کے وزرائے خارجہ، آر فور گروپ کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے تاکہ فلسطین، یمن اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے علاوہ روس۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے امکانات پر بات چیت کی جا سکے۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اس اجلاس کی میزبانی کر رہے ہیں، جو دونوں گروپوں کا پہلا مشترکہ اجلاس ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ’ساتوں ممالک پہلی مرتبہ ترکیہ کی تجویز پر ای تھری اور آر فور فارمیٹ میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق فریقین آئندہ عرصے میں عملی تعاون اور رابطہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
ہاکان فیدان سعودی عرب پر یمنی حوثیوں کے حملوں کے تناظر میں مملکت کی سلامتی کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کریں گے اور آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری آمدورفت کی مستقل آزادی کی ضرورت پر زور دیں گے۔
ای تھری گروپ کا قیام دو دہائیوں سے زائد عرصہ قبل ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سفارتی رابطہ کاری کے لیے عمل میں آیا تھا، جبکہ آر فور گروپ رواں سال تشکیل دیا گیا۔ اس میں مصر کے علاوہ مکہ دفاعی معاہدے کے دستخط کنندہ ممالک، یعنی ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان شامل ہیں۔
