Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل: چراگاہوں کی بحالی کے لیے بیج بکھیرنے کی مہم شروع

مملکت میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
 حائل ریجن میں شجر کاری مہم کے تحت مختلف مقامات پر جنگلی پودوں کے بیج بکھیرنے کی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق شجر کاری مہم کا مقصد نباتاتی غلاف میں اضافہ، بنجر اورخراب ہو جانے والی زمینوں کی بحالی اور قدرتی چراگاہوں  کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
شجرکاری کی مہم سعودی گرین انیشیٹو کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جن کے تحت مملکت میں 10 ارب سے زائد درخت لگانے یا 4 کروڑ ہیکٹر اراضی کی بحالی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
قومی مرکز برائے فروغ نباتاتی غلاف کے مطابق بیج براہ راست زمین پر بکھیرنا متاثرہ اراضی کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کا موثر طریقہ ہے۔
اس مقصد کےلیے ہرعلاقے کے ماحولیاتی حالات سے مطابقت رکھنے والی مقامی نباتاتی اقسام منتخب کی جاتی ہیں، تاکہ پودوں کے جینیاتی تنوع اور مقامی ماحول سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت کو محفوظ رکھا جاسکے۔
واضح رہے قومی مرکز برائے فروغ نباتات کی جانب سے مملکت کے مختلف علاقوں میں نباتاتی غلاف میں اضافے کے ساتھ ساتھ قدرتی چراگاہوں، جنگلات اور قومی پارکوں کی نگرانی اور ان کے پائیدار استعمال لیے بھی پروگرامز مرتب کیے جاتے ہیں۔

شیئر: