الجوف ریجن میں مختلف اقسام کی مرچوں کی کامیاب کاشت
الجوف ریجن میں مختلف اقسام کی مرچوں کی کامیاب کاشت
ہفتہ 24 اکتوبر 2026 0:14
پودوں کو پانی کی ضرورت کم، جبکہ کیڑا لگنے کا اندیشہ بھی نہیں ہوتا (فوٹو: ایس پی اے)
الجوف ریجن کے زرعی علاقوں میں جہاں مختلف سبزیاں اور پھلوں کی کامیابی سے کاشت جاری ہے وہاں انواع و اقسام کی مرچوں کی کاشت میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مرچوں کی مختلف اقسام روزمرہ کے کھانوں، سلاد، اچار اور مصالحوں کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔
اس حوالے سے علاقے کے ایک کاشتکار فہد الخالدی کا کہنا تھا کہ بہتر پیداوار کے لیے پودوں کے انتخاب سے لے کر فصل کی کٹائی تک مسلسل دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ مختلف اقسام کی دستیابی مقامی منڈیوں اور گھریلو ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ایک اور کاشت کار احمدالسلمان کے مطابق ہوٹلوں کے علاوہ گھریلو مصنوعات تیار کرنے والے خاندانوں میں مرچ کی طلب اس کی معاشی اہمیت میں اضافہ کرتی ہے۔
کسانوں اور پیدواری خاندانوں کو بہتر مواقع میسرآتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
ان کے مطابق اس کی کاشت میں پانی کا استعمال نسبتا کم ہوتا ہے جبکہ کیڑوں کے حملے کا اندیشہ بھی نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، جس سے کسانوں اور پیداواری خاندانوں کے لیے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔
الجوف ریجن میں زرعی پیداوار کا تنوع مقامی منڈیوں میں سبزیوں کی فراہمی بڑھانے اور زرعی وسائل سے بہتر طور پر مستفیض ہونے میں معاون ہوتا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے پائیدار ترقی اور غذائی تحفظ کے لیے زرعی شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔