ابہا- - - - - -انسداد دہشتگردی کے علمبردار عرب ممالک کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ پر 4عرب ملکوں لیبیا ، یمن ، عراق اور بحرین میں دہشتگرد ملیشیائوں کی حالت خراب ہو گئی ۔ یمن میں آئینی حکومت کو باغیوں کے خلاف بے نظیر فتوحات حاصل ہوئیں ۔ یمنی افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل صالح ال زندانی نے توجہ دلائی کہ قطر کو دہشتگردی سے روکنے کی عرب مہم کے بعد کئی محاذوں پر یمن کی سرکاری افواج کو شاندار پیش رفت حاصل ہوئی ۔ صرواح اور مأرب میں غیر معمولی کامیابی ملی ۔ مغربی ساحل پر تعز اور نھم اور الجوف کے محاذوں پر بھی فتوحات حاصل ہوئیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہاڑیاں آزاد ہوتے ہی نھم پر کنٹرول قائم ہو جائے گی ۔ العرقوب تک رسائی مل جائے گی جو صنعاء کا ایک دروازہ شمار کیا جاتا ہے ۔ مبصرین نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاروں عرب ملکوں میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف فتوحات قطر کی امدادی لائن بند ہو جانے کی وجہ سے حاصل ہوئیں ۔ عراق میں الموصل کو داعش سے آزاد کرالیا گیا ۔ لیبیا میں انتہا پسندوں کے سقوط پر بن غازی آزاد ہو گیا ۔ بحرین میں انتہا پسندوں کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں اسلحہ ضبط ہو جانے پر دہشتگرد حملے محدود ہو گئے ۔