Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں توانائی ذخیرہ کرنے کا سب سے بڑا نظام سعودی عرب منتقل

’چین سے توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام کے 120 یونٹس پر مشتمل کیبن روانہ کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
دنیا کی سطح پر سب سے بڑے گرڈ لیول بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم کا سفر شروع ہو چکا ہے جس کی کل  گنجائش 12.5 گیگا واٹ فی گھنٹے ہے اور اس کا حتمی مقام سعودی عرب ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق چین کے صوبے گوانگشی میں بیبو بے کی بندرگاہ سے توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام کی 120 یونٹس پر مشتمل کیبن روانہ کئے گئے ہیں جو اس عالمی سطح کے منصوبے کی پہلی کھیپ ہیں۔
مجموعی طور پر 2364 کیبنوں پر مشتمل یہ منصوبہ سعودی عرب منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ سعودی عرب کی سبز توانائی کی طرف منتقلی کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔
یہ منصوبہ جس کی گنجائش 12.5 گیگا واٹ فی گھنٹے ہے، اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا گرڈ لیول توانائی ذخیرہ کرنے والا منصوبہ ہے۔
یہ پیش رفت جنوری 2025 میں BYD Energy Storage اور سعودی الیکٹرک سٹی کمپنی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد سامنے آئی جس میں بیٹری سسٹم کے ڈیزائن، فراہمی، تنصیب، جانچ، آپریشن اور دیکھ بھال شامل ہے۔
سعودی عرب توانائی کے موثر استعمال کو فروغ دینے اور قابل تجدید توانائی کے شعبے کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے جدید توانائی ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی متعارف کروا رہا ہے تاکہ 2030 تک توانائی کے مثالی امتزاج کا ہدف حاصل کیا جا سکے جس میں 50 فیصد حصہ قابل تجدید ذرائع پر مشتمل ہوگا۔

شیئر: