نئی دہلی۔۔۔ چاندنی چوک اور قرول باغ سے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ لئے گئے۔ پیر کو چاندنی چوک میں صبح جیولری شوروم کا شٹر اور 16 تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور ڈائمنڈ جیولری چوری کرلی گئی۔ پولیس اس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔ دوسرا واقعہ قرول باغ کے ریگر پورا میں پیش آیا جہاں ایک زیورات کے ورکشاپ سے تقریباً 4 کلو سونا اور کچھ ڈائمنڈ جیولری چوری کرلی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واردات ورکشاپ کے سینیئر کاریگر نے انجام دی جو اس وقت فرار ہے اور جس کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس ترجمان نے اس واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ میں تقریباً 12 کاریگر ہمیشہ رہتے ہیں ۔ ملزم کاریگر نے رات کو اپنے بیٹے کی سالگرہ پارٹی دی ، سب کو شراب پلائی اور مٹھائی بھی کھلائی۔ صبح ورکشاپ مالک پہنچا تو سب کاریگر بے ہوش تھے اور سب کے کاؤنٹر کھلے ہوئے تھے جن سے مجموعی طور پر 4 کلو سونا چوری کیا گیاتھا۔ کل نقصان کا اندازہ ایک کروڑ سے زیادہ لگایا جارہا ہے جبکہ چاندنی چوک کے شوروم سے چوری کئے گئے طلائی زیورات کی مالیت 90 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ورکشاپ مالک کوشک گوسوامی کے بیان پر پولیس نے ملزم کاریگر سرجیت کیخلاف نامزد مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ گوسوامی کا کہنا ہے کہ وہ 4 نومبر کی رات ورکشاپ کا کام ختم ہونے پر گھر چلے گئے تھے اور ورکشاپ میں تقریباً 12 کاریگر موجود تھے۔ اگلی صبح سب ہی بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ سرجیت غائب تھا۔ شبہ ہے کہ اس نے ہی شراب اور مٹھائی میں کوئی نشہ آور چیز ملا دی ہو۔ جسے تمام کاریگروں کو کھلا دیا گیا جس سے وہ بے ہوش ہو گئے بعدازاں وہاں سے سونا چوری کرکے فرار ہوگیا۔