Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پھر مسترد

  اسلام آباد... احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف دائر تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پھر مسترد کردی۔ لندن فلیٹس، عزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز پر الگ الگ کارروائی چلے گی۔سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ بدھ کو پیش ہوئے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کو پہلی مرتبہ کٹہرے میں بلا کرفرد جرم عائد کی۔ نوازشریف نے صحت جرم سے انکار کر دیا اور کہا کہ کارروائی سیاسی بنیادوں پر کی گئی۔ بنیادی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ ٹرائل میں اپنا دفاع کروں گا۔سماعت کے دوران نوازشریف اور جج کے درمیان مکالمہ بھی ہوا۔ نواز شریف نے جج سے مخاطب ہو کر کہا کہ مانیٹرنگ جج کی تعیناتی سے بنیادی حقوق سلب ہو رہے ہیں۔6 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم بھی اثرانداز ہو رہا ہے۔ اس پر جج نے کہا چاروں ریفرنسز کی سماعت ایک ساتھ شروع کریں تو سماعت مکمل کرلیں گے۔ سابق وزیراعظم نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دی جائے۔ باقاعدہ درخواست ملنے کے بعد عدالت نے نواز شریف کو مستقل نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی۔ ظافر خان نیب ریفرنسز میں نواز شریف کے مستقل نمائندے ہونگے جو نواز شریف کی عدم حاضری پر عدالت میں پیش ہونگے۔ عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ کے گواہان طلب کرتے ہوئے ریفرنسز کی سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔

شیئر: