Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی: ’ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے‘ پر 16 سالہ لڑکی باپ کے ہاتھوں قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ گھروالوں نے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی بھی کوشش کی (فوتو: راولپنڈی پولیس)
راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے پر والد نے قتل کر دیا ہے۔
بدھ کو سامنے آنے والی ایف آئی آر کے مطابق واقعہ روات کے علاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ منگل کو پیش آیا جس کو مقتولہ کے خاندان نے ابتدائی طور پر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
تاہم پولیس نے شک ہونے پر تحقیقات شروع کیں تو جلد ہی معلوم ہو گیا کہ یہ خودکشی کا واقعہ نہیں ہے بلکہ قتل کی واردات ہے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لڑکی نے ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنایا تھا، جب والد کو علم ہوا تو اسے ڈیلیٹ کرنے کی ہدایت کی لیکن لڑکی نے ایسا نہیں کیا۔‘
پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعہ منگل کو دن ساڑھے 11 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب لڑکی نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈٰیلیٹ کرنے سے انکار کیا جس پر والد نے اس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق ’مقتولہ کے پیٹ پر گولیوں کے نشان پائے گئے ہیں جبکہ گھر کے اندر سے گولیوں کے خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔‘
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

شیئر: