لندن۔۔۔برطانوی دارالحکومت لندن کی آکسفورڈ اسٹریٹ اور آکسفورڈسرکس سب وے فائرنگ کی اطلاعات کے بعد کچھ دیر بند رہنے کے بعد دوبارہ کھل گئے۔فائرنگ کی افواہ کے بعد بھگدڑ مچنے کے دوران 16 افراد زخمی ہوگئے۔ لندن کا آکسفورڈ سرکس اسٹیشن پولیس نے خالی کرا لیا، جس کے بعد بڑی تعداد میں پولیس اہلکار آکسفورڈ سرکس اسٹیشن پہنچ گئے۔لندن اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق آکسفورڈ اسٹریٹ اور آکسفورڈ سرکس سب وے اسٹیشن کو فائرنگ کی اطلاعات کے بعد بند کردیا گیا اور شہریوں کیلئے متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔پولیس کے مطابق فائرنگ، مشتبہ افراد یا کسی کی ہلاکت کے شواہد نہیں ملے البتہ بھگدڑ کے نتیجے میں 16افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کی جانب سے لوگوں کو آکسفورڈ سرکس سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی، کئی گھنٹے تک اسٹیشن کو گھیرے میں لیے رکھنے کے بعد حکام نے اسے عوام کیلئے کلیئر قرار دے دیا۔لندن پولیس کے مطابق غلط الارم بج گیا تھا جس کی وجہ سے لندن کی آکسفورڈ اسٹریٹ اور ملحقہ علاقے میں میں دہشتگرد کی موجودگی اور فائرنگ کی افواہ پر بھگدڑ مچی۔