سعودی عرب میں 95 نئے صنعتی لائسنسں، اکتوبر میں 81 نئی فیکڑیوں میں پیداوار کا آغاز
انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی مالیت 2.4 ارب ریال سے زیادہ رہی (فوٹو: گیٹی امیج)
سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل نے اکتوبر 2025 کے دوران 95 نئے صنعتی لائسنس جاری کیے ہیں جبکہ اسی ماہ کے دوران 81 نئی فیکٹریوں نے پیداوار شروع کی۔
صنعتی معلومات کے قومی مرکزکی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ’ نئے لائنسسوں سے انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی مالیت 2.4 ارب ریال سے زیادہ رہی۔‘
توقع ہے ان منصوبوں سے مملکت کے مختلف علاقوں میں 942 سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اکتوبر میں پروڈکشن شروع کرنے والی فیکڑیوں میں سرمایہ کاری کی مالیت 1.3 ارب ریال تھی، ان سے تقریبا ایک ہزار 922 نئی ملازمتوں کے مواقع نکلنے کی توقع ہے۔
یہ مملکت کے صنعتی بنیاد کی مسلسل توسیع اور فیکڑیوں کے فعال ہونے کی بڑھتی ہوئی رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔
وزارت صنعت و معدنی وسائل صنعتی معلومات کے قومی مرکزکے ذریعے انڈسٹریل انڈیکس جاری کرتی ہے۔
یہ انڈیکس مملکت میں صنعتی سرگرمیوں کی رفتار کو ظاہر کرتے ہیں، جن میں نئی سرمایہ کاری کا حجم، جاری کردہ لائسنسوں کی تعداد اور پیداوار شروع کرنے والی فیکٹریوں کی تعداد شامل ہیں۔
یاد رہے 2035 تک سعودی عرب میں فیکٹریوں کی تعداد 36 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔
