Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل میں مزید توسیع

اسلام آباد..سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو شریف خاندان اور اسحاق ڈارکے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت مکمل کرنے کی مہلت میں مزید ایک ماہ کی توسیع دیدی ۔جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی درخواست کی سماعت کی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ٹرائل مکمل کیوں نہیں ہوا ۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ایک ریفرنس میں ٹرائل مکمل ہو چکا ۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ٹرائل مکمل کرنے کے 3 ماہ کا وقت مانگتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کا وقت کم ہے ۔ابھی رمضان بھی شروع ہورہے ہیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہااگر ضرورت پڑی تو ہم یہیں بیٹھے ہیں۔انصاف کا قتل نہیں ہونے دینگے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت کو ٹرائل مکمل کرنے کے لئے مزید ایک ماہ کا وقت دیدیا۔ احتساب عدالت کو ٹرائل مکمل کرنے کے لئے 9 جون تک مہلت مل گئی۔ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مہلت 12مئی کو ختم ہو رہی تھی ۔شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل کا آغاز 14 ستمبر 2017 کو ہوا تھا۔ سپریم کورٹ پہلے بھی احتساب عدالت کی جانب سے درخواست پر نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرنے کی ڈیڈلائن میں 2 ماہ کی توسیع کرچکی ہے۔ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ نے نیب کو شریف خاندان کے خلاف مقدمات درج کرنے اور 6 ماہ میںکیسز کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں:ایوان فیلڈ ریفرنس، استغاثہ کے تمام گواہوں کے بیانات قلمبند
 

شیئر: