Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ جیتنے کیلئے آئے ہیں، ہندوستانی کوچ

 
برمنگھم: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ یہاں جیت کیلئے کھیلنے آئے ہیں، میچ ڈرا کرنے نہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز اور کل شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت جو کرکٹ ٹیمیں بیرونی دور وںپر ہیں ان میں ہندوستانی ٹیم سب سے بہتر ہے ۔جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش بھی اس وقت ملک سے باہر کھیل رہی ہیں ٹیسٹ میچوں میں ان کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی اس سے پہلے سری لنکا کا دورہ جنوبی افریقہ زیادہ اچھا نہیں تھا اس لئے ان ٹیموں سے موازنہ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو بہتر کہنے میںحق بجانب ہوں۔ میرا اپنی ٹیم کے لئے ایک ہی پیغام ہے کہ یہاں بے خوف ہوکر کھیلنے اور جیتنے کے لئے آئے ہیں، دفاعی کھیل اور میچ ڈرا کرنا ہماری حکمت عملی کا حصہ نہیں ۔ کوشش یہی ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہے اور کامیابیوں کے سفر کو آگے بڑھاتی رہے۔ ہندوستانی کوچ کے مطابق انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کے ذہن میں یہ بات ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے کہ انگلینڈ سمیت ہر جگہ جیت سکتے ہیں صرف مثبت انداز میں تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ جنوبی افریقہ کے دورے میں ٹیم نے سیریز ہارنے کے باوجود آخری ٹیسٹ میں فتح حاصل کی ۔مجموعی طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا میں چاہتا ہوں کہ ہم اسی طرح جیتنے کے لئے کھیلنے کی کوشش کریں۔انگلینڈ میں 2011 ء اور2014ءکے دوروں کے نتائج ہمارے حق میں نہیں تھے لیکن ضروری نہیں کہ اس بار بھی ایسا ہی ہو ہم ٹیسٹ سیریز میں نتائج کو الٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بیٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستانی ٹاپ آرڈر ابتدائی 20تا 25اوورز اچھی طرح گزارلے تو بڑے اسکور کی بنیاد پڑ جائے گی۔ انگلینڈ ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ابتدائی اوورز کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور ہم بھی اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔

شیئر: