پاکستان میں علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے لیے ای سی او سربراہی اجلاس کا آغاز
پاکستان میں علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے لیے ای سی او سربراہی اجلاس کا آغاز
اتوار 15 نومبر 2026 12:25
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہو رہا ہے (فوٹو: دفتر خارجہ)
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا دو روزہ اجلاس شروع ہوگیا، جس میں علاقائی رابطوں کے فروغ، تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد خطے کے ممالک کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانا اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔
ایران، ترکیہ اور پاکستان نے 1964 میں علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کے نام سے اس تنظیم کی بنیاد رکھی تھی، جسے 1985 میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا نام دے دیا گیا۔ 1990 کی دہائی میں اس تنظیم کو وسعت دی گئی اور افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کو بھی اس کا رکن بنایا گیا۔
ای سی او کا بنیادی مقصد خطے میں پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا اور رکن ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان، ای سی او سیکریٹریٹ اور اس کے ذیلی اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کی صدارت میں علاقائی روابط مضبوط بنانے، خطے کے ممالک کے درمیان انضمام بڑھانے، شراکت داری کو وسعت دینے اور مشترکہ خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
بیان کے مطابق اجلاس ای سی او کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی شراکت داری کے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر دوبارہ فعال کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
پاکستان کے لیے اس تنظیم کی صدارت علاقائی رابطوں کے مرکز، رسد اور نقل و حمل کے نظام میں سہولت کار اور علاقائی تجارت کے معاملات میں قائدانہ کردار ادا کرنے کا اہم موقع ہے۔
پاکستان خود کو تجارت اور ٹرانزٹ کے ایک اہم علاقائی مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے (فوٹو: دفتر خارجہ)
دفتر خارجہ کے مطابق، ان کوششوں سے خطے کی وسیع اقتصادی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور علاقائی تعاون کے ثمرات کو ای سی او کے رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں عملی بہتری کی صورت میں منتقل کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لاتے ہوئے خود کو تجارت اور ٹرانزٹ کے ایک اہم علاقائی مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت وسطی ایشیا کے خشکی میں گھرے ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
اس مقصد کے لیے 2024 میں پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت خلیجی ریاستوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں، سرمایہ کاری سے متعلق مذاکرات اور اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسلام آباد دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرض دہندگان پر انحصار کم کرنے اور اس کے بجائے علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کے شعبوں میں منافع بخش شراکت داریوں کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔