Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی، پاکستانی اور ترک رہنما 2027 کے 50 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں سرفہرست

اشاعت کے مطابق اس کی بنیادی وجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے جو تینوں ممالک کے درمیان طے پایا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کو 2027 کے لیے دنیا کے 50 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سالانہ اشاعت ’دی مسلم 500: دی ورلڈز 500 موسٹ انفلوئنشل مسلمز‘ نے اس ہفتے 2027 کے لیے 50 بااثر ترین مسلم شخصیات کی فہرست جاری کی۔ یہ اشاعت عمان میں قائم رائل اسلامک سٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر مرتب کرتا ہے۔
فہرست میں ان شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے جو ثقافتی، نظریاتی، مالی، سیاسی یا دیگر شعبوں میں اثر و رسوخ رکھتے ہوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں پر نمایاں اثر ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
2027  کی فہرست میں سعودی، پاکستانی اور ترک قیادت کو مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اشاعت کے مطابق اس کی بنیادی وجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے جو تینوں ممالک کے درمیان طے پایا۔
اشاعت میں کہا گیا کہ ’2027 کا ایڈیشن ایک تاریخی موڑ کی عکاسی کرتا ہے، جہاں پانچ رہنماؤں کے مشترکہ وژن نے اجتماعی سلامتی کے تصور کے ذریعے جدید اسلامی سفارت کاری کو تبدیل کر دیا ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق 7 اگست 2026 کو طے پانے والا اور بعد ازاں ریاض میں ہنگامی سربراہی اجلاس کے دوران فعال ہونے والا یہ دفاعی معاہدہ سعودی عرب کی معاشی طاقت، ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی صلاحیت، اور پاکستان کی مضبوط عسکری قوت کو ایک مشترکہ اتحاد میں جوڑتا ہے۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران طے پایا تھا، جب امریکہ نے ایران پر حملے کیے اور تہران نے امریکی مفادات کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک کی توانائی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
حکام اس معاہدے کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہیں۔
فہرست میں دیگر نمایاں شخصیات میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم، ایران کے مجتبیٰ خامنہ ای، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور پاکستان کے ممتاز مذہبی سکالر مفتی محمد تقی عثمانی بھی شامل ہیں۔

 

شیئر: