Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیون اے سائیڈ فٹبال ورلڈ کپ : 14 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان

 
کراچی:لیژرلیگز پاکستان نے پرتگال کے شہر لزبن میں رواں سال ہونے والے سیون اے سائیڈ فٹبال ورلڈ کپ کیلئے 14 رکنی اسکواڈکا اعلان کردیا۔لزبن میں 23 ستمبر سے 29 ستمبر تک ہونے والے 35 ملکی7 ا ے سائیڈ ورلڈ کپ میں طارق لطفی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ ٹیم میں لاہور کے علاوہ پشاور، کراچی، کوئٹہ اور دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیم میں لیژرلیگز نیشنل چیمپیئن شپ کی فاتح لاہور کی ٹیم کے 10 کھلاڑیوں کے علاوہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کراچی، کوئٹہ اور پشاور کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والے گول کیپر سمیر خان کو بھی 14 رکنی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم 14کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں شامل 32ٹیموں کو 8 گروپوںمیں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کو روس ، اسپین اور مالدووا کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کے گروپ میچوں کے اختتام پر ہر گروپ سے پہلی 2ٹیمیں پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنالیں گی۔ فائنل 29ستمبر کو کھیلا جائے گا۔سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ آفاق احمد (کپتان)، حافظ محمد ولید، عمر جاوید ،حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل،عبدالحنان، ذبیح اللہ وڑائچ ، محمد زبیر، عادل، محمد عالمگیر، محمد کاشف ، ظفر خان اور سمیر احمد۔دو بارکے سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ پاکستان کے نامور اور سینئر کوچ طارق لطفی کو32ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ طارق لطفی کا شمار پاکستان کے آل ٹائم بیسٹ کوچز میں ہوتا ہے جو ماضی میں مین اور ویمنز نیشنل ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔وہ ماضی میں پی آئی اے فٹبال ٹیم کو قومی چیمپیئن بنانے کا اعزاز حاصل چکے ہیں اور ان دنوں سوئی سدرن گیس میں بحیثیت ہیڈ کوچ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ کراچی کے گول کیپر سمیر خان جو اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں ، 14ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہونگے۔ چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی توقع کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔ورلڈ گروپ منی ورلڈ کپ میں ٹیم کی کامیابی کیلئے پرامید ہے۔ سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں 32ٹیمیں شامل ہیں جنہیں 4،4کے  8گروپوںمیں تقسیم کیا گیا ہے۔ہر ٹیم سنگل لیگ بنیاد پر باہم مقابل ہوگی۔

شیئر: