Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عمرہ ادا کیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پاکستانی وفد نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا.
وزیراعظم آفس سے جمعے کی صبح جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
 وزیرِ اعظم، فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کی سلامتی اور علاقائی و عالمی امن کے لیے دعائیں کیں۔
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کی شام وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔
جدہ پہنچنے پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی وزیرِ زراعت، پانی و ماحولیات انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پر تپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ شراکت داری، خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شیئر: