Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف آر ڈی ایل کی’’ بیل گاڑی ریلی‘‘

آگرہ۔۔۔۔راشٹریہ لوک دل نے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر مرکزی حکومت کیخلاف ’’بیل گاڑی‘‘پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔  خالی ایل پی جی سلنڈرز کے ساتھ بیل گاڑی پر سوار ہوکر مظاہرین حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کلکٹریٹ پہنچے۔ ریلی کی وجہ سے ایم جی روڈ پر ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا۔ ضلعی سربراہ مالتی چودھری کی قیادت میں آر ایل ڈی کارکنوں نے راہگیروں اور موٹر سواروں سے کہا کہ حکومت ڈیز ل اور پٹرول کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اسلئے انہیں بھی کاریں چھوڑ کر بیل گاڑی پر سفر کیلئے تیار ہوجانا چاہئے۔ مظاہرین بیل گاڑیوں کے اوپر موٹر سائیکلیں بھی رکھے ہوئے تھے۔گیس کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو یادداشت پیش کی۔ چودھری نے بتایا کہ بیشترشہروں میں پٹرول کی قیمتیں 80روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہیں۔ایل پی جی کی قیمتیں لوگوں کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے اشیائے صرف کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں۔ اس کا سب سے زیادہ اثر کسانوں پر پڑا۔مالتی چودھری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت کوصرف تیل کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی فکر ہے،عوام کا بالکل خیال نہیں۔ پارٹی اس وقت تک احتجاج جاری رکھے گی جب تک مرکزی حکومت پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کرتی۔
مزید پڑھیں:- -  - -بسوں میں میٹرو کارڈ پر 10فیصد رعایت

شیئر: