Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’بھارت بند‘‘تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف ملک گیراحتجاج

نئی دہلی۔۔۔۔پٹرول، ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف کانگریس پارٹی نے آج ’’بھارت بند‘‘کا اعلان کیا۔کانگریس نے سماج وادی پارٹی، بی ایس پی، ڈی ایم کے اورعام آدمی پارٹی سمیت 20اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔ لیفٹ جماعت بھی ہڑتال میں شامل ہے۔ یہ ہڑتال صبح 9بجے سے شام 3بجے تک جاری رہے گی۔کرناٹک سمیت دیگر ریاستوں میں اسکول ، کالج بند اور دفاتر میں تعطیل کردی گئی۔دواخانوں ، اسپتالوں اور ایمبولینسز پر بند کا اطلاق نہیں ہوگا۔پٹرول، ڈیزل کی شرح میں آج بھی اضافہ ہوا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں پٹرول 23پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 22پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ پٹرول 80روپے 73پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 72روپے 83پیسے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔ ممبئی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 88روپے 12پیسے تک پہنچ گئی۔

پٹرول ، ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف  ہڑتال کااثر اِن مقامات پر :

پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر کانگریس کی سربراہی میں 21اپوزیشن جماعتوں نے ’’بھارت بند‘‘کا اعلان کیا۔
دہلی:۔۔۔۔  پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کیخلاف راہول گاندھی نے راج گھاٹ پہنچ کر کانگریس اور اپوزیشن کے سینیئر رہنماؤں کے ساتھ ہڑتال کا آغاز کیا۔مظاہرین نے راج گھاٹ سے دہلی کے رام لیلا میدان تک مارچ کیا۔
بہار:۔۔۔۔ بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ہڑتال کا اثر رہا ، یہاں دکانیں اور تجارتی مراکز بند اور سڑکیں سنسان رہیں۔ مظاہرین نے پٹنہ ،گیا ریلوے لائن پر آتشزنی کی ۔ہوریل گنج کے قریب پٹنہ گیا ،شاہراہ بند کردی۔جن ادھیکار پارٹی لوک تانترک کے کارکنوں نے پٹنہ کے راجیندر نگر ٹرمینل ریلوے اسٹیشن پر ٹرین روک کر مرکزی حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔
کرناٹک:۔۔۔۔ ہڑتال کے پیش نظر کرناٹک میں آج تمام اسکول اور کالج بند رکھے گئے۔ صبح سے ہی ہڑتال کا اثر نظر آنے لگا۔بعض مقامات پر لوگوں نے ٹائر جلاکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکیورٹی کا بندوبست کیا گیا۔
آندھرا پردیش:۔۔۔۔ سی پی آئی ایم کے کارکنوں نے آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں تیل کی شرح میں لگاتار اضافے کیخلاف مظاہرہ کیا۔
تلنگانہ:۔۔۔۔ تلنگانہ کے ضلع یدادری میں کانگریس کارکنوں نے بھونگیر اور حیدرآباد کے علاقہ مشیر آباد بس اسٹیشن پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف مظاہرہ کیا۔
اتر پردیش:۔۔۔۔ پٹرول اور ڈیزل کی شرح میں اضافے کیخلاف لکھنؤ میں کانگریس کے کارکنوں نے موٹر سائیکل ریلی نکالی۔
کولکتہ :۔۔۔۔ کولکتہ میں بھی ہڑتال کا اثر رہا۔ یہاں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے اور سڑکوں پرسناٹا چھایا رہا۔
اوڈیشہ :۔۔۔۔ کانگریس کی جانب سے ’’بھارت بند ‘‘کے اعلان کے بعد کانگریس کے کارکنوں نے سنبل پور میں ٹرین روک کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
گجرات :۔۔۔۔ گجرات کے ضلع بھڑوچ میں کانگریسی کارکنوں نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف بھارت بند کے دوران سڑکوں پر ٹائر جلاکر آمدورفت معطل کردی۔
 
مزید پڑھیں:- - - -خواب کی تکمیل کیلئے 72سال کی عمر میں بستہ لیکر اسکول پہنچے

شیئر: