ایران جنگ کے خاتمے کا فیصلہ نیتن یاہو کے ساتھ ’باہمی‘ طور پر ہوگا: صدر ٹرمپ
امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملہ کیا جس کے بعد سے لڑائی جاری ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں جنگ ختم کرنے کا فیصلہ ’باہمی‘ طور پر ہو گا جو اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو ٹائمز آف اسرائیل کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ تنازع کے حل میں نیتن یاہو کا حصہ شامل ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں یہ باہمی طور پر ہوگا کسی حد تک، ہم اس بارے میں بات کر رہے ہیں۔ میں درست وقت پر فیصلہ کروں گا لیکن اس معاملے میں ہر چیز کو مدنظر رکھا جائے گا۔‘
خیال رہے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر حملہ کیا تھا جس میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت اہم سیاسی و فوجی شخصیات ہلاک ہوئیں اور اس کے بعد سے مسلسل لڑائی جاری ہے۔
ایران نے مشرق وسطیٰ میں کئی ممالک پر میزائل داغے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ وہ امریکی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایران میں جاری کارروائی کے حوالے سے بیانات مسلسل آ رہے ہیں۔
سات مارچ کو انہوں نے خبردار کیا تھا کہ ایران کے مزید عہدیدار بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔
ان کے مطابق ’ایران کو بہت سخت ضرب لگے گی۔‘