Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیم روکنے والوں کے خلاف کارروائی کروں گا‘ چیف جسٹس

لاہور:  چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی زیر صدارت سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں زیر زمین پانی نکال کے منرل واٹر بنانے والی کمپنیوں سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کروں گا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کے وکیل اور ایم ڈی واسا سپریم کورٹ میں پیش ہوئے ۔ اس موقع پر حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمپنیاں حکومت کو 25 پیسے فی لیٹر ادا کرکے 50 روپے فی لیٹر فروخت کررہی ہیں جب کہ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ 2018ء سے قبل پانی فروخت کرنے والی کمپنیاں زمین سے مفت پانی نکال رہی ہیں۔اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پانی بیچنے والی کمپنیاں حکومت کے ساتھ پانی نکالنے کا ریٹ طے کر لیں۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ایک بات بتا دوں ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں، میں نے آرٹیکل 6 کامطالعہ شروع کر دیا ہے ، جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کروں گا۔عدالت نے منرل واٹر کی تمام بڑی کمپنیوں کے سی ای او کو کل صبح گیارہ بجے طلب کر لیا۔

شیئر: