Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل اسمبلی کا اجلاس: شہباز شریف کی ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا امکان

وزیراعظم شہبازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، وہ آج نیویارک پہنچیں گے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، دیگر وزراء اور سینیئر حکام بھی ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلامو فوبیا اور پائیدار ترقی سمیت علاقائی صورتحال اور دوسرے بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نقطۂ نظر پر روشنی ڈالیں گے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح  کےسیشن میں شرکت کے لیے آج نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ وہ نیویارک میں وزیراعظم کے ساتھ مختلف مصروفیات میں شریک ہوں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کئی ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 22 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ 
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ’وزیراعظم عالمی برادری پر زور دیں گے کہ انڈیا کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات اور حق خودارادیت دینے کے انکار سے پیدا ہونے والی صورتحال کا حل نکالیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف علاقائی اور عالمی مسائل پر مسلم ممالک کے مخصوص رہنماؤں کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلٰی حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے اقوام متحدہ کے منشور پر عملدرآمد، جنگوں سے بچاؤ، قیام امن اور عالمی ترقی کے لیے بطور رکن سلامتی کونسل پاکستان کے حالیہ اقدامات کے مطابق کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم متعدد اعلیٰ سطح کی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو  اور ماحولیاتی اقدامات پر خصوصی اجلاس شامل ہیں۔

شیئر: