Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں مستقل امن کیلئے مدد کرینگے ،عمران خان

کراچی .. وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں امن وامان کا قیام ہے۔ امن کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ۔ وفاقی، صوبائی اور سیکیورٹی ادارے رابطوں کے نظام کو مزید بہتر بنائیں تاکہ ملک میں امن وامان کی صورت حال میں مزید بہتری آسکے۔ وفاقی حکومت امن وامان کے قیام میں صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ وزیر اعظم اتوار کو اسٹیٹ گیسٹ ہاوس کراچی میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری،سیکریٹری داخلہ،ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو امن وامان سے متعلق صورت حال پر مکمل بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز نے کراچی آپریشن میں رینجرز کے کردار اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی آپریشن کے آغاز سے جرائم میں 90 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن وامان کی صورت حال، کراچی میں جاری جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن اور دیگر امور سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح امن وامان کا قیام ہے۔ امن کے بغیر معاشی ترقی اور استحکام ممکن نہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔ کراچی میں امن وامان کے مستقل قیام کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور سیکیورٹی ادارے باہمی رابطوں کے نظام کو بہتر بنائیں۔ رابطوں کے نظام میں بہتری سے ملک میں امن وامان کی صورت حال میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیراعظم نے کراچی میں امن قائم کرنے میں رینجرز، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ 

شیئر: