Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قائد اعظم ون ڈے کپ:حبیب بینک ، واپڈا سے فائنل کھیلے گا

لاہور:حبیب بینک نے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیلی ویژن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر قائداعظم ون ڈے کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا اور آج فائنل میں اس کا مقابلہ واپڈا سے ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قائد اعظم ون ڈے کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں حبیب بینک کے کپتان عمر گل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ٹیسٹ اوپنر امام الحق اور کوارٹر فائنل میں سوئی سدرن گیس کے خلاف سنچری بنانے والے وکٹ کیپر جمال انور نے بینک کی ٹیم کو 148رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔امام الحق 93گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85اور جمال انور 111گیندوں پر 8چوکوں اور ایک چھکے کیساتھ 88رنز بنا کر آوٹ ہو ئے۔ ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہو ئے 4چوکوں اور2چھکوں کے ساتھ 39رنز بنائے اورمقرر 50اوورز میں حبیب بینک نے 8وکٹوں پر 321رنز اسکور کئے۔پی ٹی وی کی جانب سے تابش خان ،اظہر اللہ اور محمد عرفان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 322رنز کے ہدف کے تعاقب میں علی عمران اور نہال منصور نے اپنی ٹیم کو 17.5اوورز میں 130رنز کا برق رفتار آغاز فراہم کیا۔اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے علی عمران نے 65گیندوں پر 14چوکوں اور 3چھکوں کے ساتھ 102 رنز بنائے۔ محمد وقاص نے 43 اور ٹیسٹ آل راونڈر عبدالرزاق 41 رنز بناکر آوٹ ہوئے تاہم پی ٹی وی کی پوری ٹیم 50ویں اوور کی چوتھی گیند پر 314رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور حبیب بینک نے سیمی فائنل دلچسپ مقابلے کے بعد 7 رنز سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے خرم شہزاد اور حماد بٹ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ آج قذافی اسٹیڈیم میںقائد اعظم کپ 2018 ءکے فائنل میں حبیب بینک اور واپڈا کا مقابلہ ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیے پڑھنے کیلئے اردو نیوز "واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: