Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش:میلبورن رینی گیڈز پہلی بار چیمپیئن بن گئی

  میلبور ن:آسٹریلین بگ بیش میں ڈینیئل کرسچن کی شاندار آل راونڈر کارکردگی کی بدولت میلبورن رینی گیڈز نے فائنل میں میلبورن اسٹارز کو 13 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں میلبورن اسٹارز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں بالکل درست ثابت ہوا اور 11ویں اوور میں رینی گیڈز 65 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو چکے تھے۔ اس موقع پر تجربہ کار ڈینیئل کرسچن اور ٹام کو پر وکٹ پر ڈٹ گئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔کرسچن اور کوپر نے چھٹی وکٹ کےلئے 80رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔ کوپر نے 43 اور کرسچن نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔میلبورن اسٹارز کے جیکسن برڈ اور ایڈم زامپا نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں اسٹارز کے اوپنرز مارکس اسٹوئنس اور بین ڈنک نے اپنی ٹیم کو 13اوورز میں 93 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے میچ کو یکطرفہ بنانے کی کوشش کی۔93 کے اسکور پر اسٹوئنس 39رنز بنا کر پویلین لوٹے تو میلبورن اسٹارز کو فتح کیلئے مزید محض 53رنز درکار تھے تاہم اگلے چند ہی اوورز میں میچ کا نقشہ بدل گیا۔ایک رن کے اضافے سے پیٹر ہینڈزکومب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ 99 کے مجموعے پر بین ڈنک اور گلین میکس ویل بھی یکے بعد دیگرے 2گیندوں پر پویلین لوٹ کر ٹیم کی مشکلات بڑھا گئے۔ اسٹارز مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132رنز بنا سکی۔ میلبورن اسٹارز کی تمام 7 وکٹیں صرف 19 رنز کے اضافے سے گریں۔میلبورن رینی گیڈز نے میچ میں 13رنز کی فتح کے ساتھ ہی پہلی مرتبہ بگ بیش کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ڈینئل کرسچن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: