Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ ٹیم فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں کیوں اتری؟

انڈیا کی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف رانچی میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں آرمی کیموفلاج رنگ کی پی کیس پہن کر میدان میں اتری ہے۔ جمعے کو تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ کے آغاز پر ٹاس کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اس بارے میں کہا کہ ’یہ فیصلہ پلوامہ میں مارے جانے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے ۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ خاص کیپ ہے۔ ’یہ پلوامہ حملے میں مارے جانے والوں اور ان کے اہل خانہ کے احترام میں ہے۔‘ویرات کوہلی نے ا س موقع پر کہاکہ انہوں نے اپنی میچ فیس بھی نیشنل ڈیفنس فنڈ میں دینے کافیصلہ کیا ہے ۔ انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ’ تمام کھلاڑیوں نے خاص طور پر اس میچ کی فیس نیشنل ڈیفنس فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے، اور میں ملک میں رہنے والے ہر فرد سے کہوں گا کہ اس فنڈ میں حصہ ڈالے۔‘ویرات کوہلی نے کہا کہ اس فنڈ کے ذریعے مارے جانے والوں کے بچوں کی تعلیم اور ان کے اہل خانہ کی مدد ہوگی۔ انڈین کپتان نے کہا کہ اسی لیے یہ خاص کیپ ہے اور یہ میچ بھی خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ آئی سی سی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی سے اجازت طلب کی تھی کہ وہ چندہ  جمع کرنے کی مہم کے طور پر ایسا کرنا چاہتے ہیں۔
 
کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بوگلے نے سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ آرمی کیپس پہننے کا مشورہ سابق کپتان ایم ایس دھونی نے دیا جو فوج میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل ہیں ۔

ایم ایس دھونی ممکنہ طور پر اپنے ہوم گراؤنڈ رانچی میں آخری میچ کھیل رہے ہیں  ۔ انہوں نے ٹاس سے قبل کپتان کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں کو کیپس پیش کیں ۔

انڈین کرکٹ ٹیم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی ہے کہ ’ٹیم انڈیا پلوامہ حملے میں جان گنوانے والے افراد اور فوج کوسلام پیش کرنے کے لیے کیموفلاج کیپس میں میچ کھیلے گی اور ہر ایک انڈین کو نیشنل ڈیفنس فنڈ میں حصہ لینے کے لیے کہے گی۔


 
انڈین کرکٹ بورڈ نے گذشتہ دنوں یہ اعلان بھی کیا تھا کہ انڈین پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب کے لیے مختص بجٹ میں سے 20 کروڑ پلوامہ حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے قائم فنڈ میں عطیہ کیے جائیں گے ۔  خیال رہے کہ تین برس قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں فتح کے بعد جب فوج کے ٹرینرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے میچ کے بعد ڈنڈپیلے اور سلیوٹ پیش کیا تو پاکستانی کرکٹ بورڈ نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا ۔
 

شیئر: