Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زلمے خلیل زاد کی جنرل قمر باجوہ سے ملاقات

ملاقات کے دوران افغان امن عمل بھی زیر غور آیا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجواہ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات جمعے کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی اور ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران افغان امن عمل بھی زیر غور آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زلمے خلیل زاد نے خطے میں امن کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اس سے قبل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی دفتر خارجہ میں ملاقات کی جس میں افغانستان میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کاوشوں سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  
 زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات سے متعلق حالیہ صورتِ حال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پانے سے ’انٹرا افغان مذاکرات‘ کی راہ ہموار ہو گی، جو نہ صرف افغانستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خوش آئند ثابت ہو گا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

شیئر: