Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین تصاویر میں

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور ہزاروں اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
ہلاک شدگان کی تدفین مختلف مذاہب کے لوگ اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق کر رہے ہیں، لیکن سب میں ایک چیز مشترک ہے اور وہ ہے تدفین کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو سامنے رکھنا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی تصاویر میں دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کے مراحل کو دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ تصویر انڈیا کے دارالحکومت دہلی کی ہے جس میں کورونا سے ہلاک ہونے والے ایک مسلمان شہری کے رشتے دار میت کو دفنانے کے لیے حفاظتی کِٹس پہنے ہوئے ہیں اور کپڑوں کی مدد سے میت کو قبر میں اتارنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

یہ تصویر بھی اسی انڈین مسلمان کے جنازے کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے اُن کے رشتے دار امام کے پیچھے سماجی فاصلہ قائم رکھ کر کھڑے ہیں اور نماز جنازہ پڑھ رہے ہیں۔

دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے ملک امریکہ کی ریاست نیویارک میں اموات اور کورونا کیسز پورے ملک سے زیادہ ہیں۔ یہ فوٹو نیویارک کے ہارٹ آئی لینڈ کی ہے جو ایک ڈرون کی مدد سے لی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کو ایک اجتماعی قبر میں دفنایا جا رہا ہے۔

دنیا میں اموات کے لحاظ سے اٹلی دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک وقت میں یہ صورتحال ہوچکی تھی کہ تابوت رکھنے کے لیے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی تھی۔ یہ فوٹو الیساندریا شہر میں موجود ایک چرچ کی ہے جس میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کے تابوت دیکھے جا سکتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والے ایک مسلمان کی نماز جنازہ پڑھائی جا رہی ہے اور اس میں شریک لوگ ایک مخصوص فاصلے پر کھڑے ہو کر نماز ادا کر رہے ہیں۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں لی گئی اس تصویر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ایک صحافی عبداللہ زاویح کی میت کے پاس اُن کے ایک رشتہ دار رنج و الم میں نظر آ رہے ہیں۔

ایکواڈور میں گذشتہ ہفتے بہت بری صورتحال کی رپورٹس سامنے آئیں جن میں اے ایف پی کے مطابق ملک کے صدر نے لوگوں سے معافی مانگی کہ ان کی حکومت گلی محلوں میں تعفن زدہ لاشوں کو اٹھانے میں ناکام رہی۔
ایکواڈور میں لاشوں کو دفنانے کے لیے تابوت کم پڑ گئے ہیں۔ اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے مرنے والے کے رشتے دار ایک کار کی چھت پر ایک گتے کا تابوت لائے ہیں تاکہ میت کو دفنایا جا سکے۔

شیئر: