آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
سنیچر کو کولمبو میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 20ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ فہیم اشرف کی 11 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں
نیدرلینڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20ویں اور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی اننگز
نیدرلینڈز کے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 47 رنز سکور کیے، جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے، تاہم وہ پال وین میکرین کی گیند پر رولوف وین ڈر مروا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 13 گیندوں پر 24 رنز کی تیز اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا لیکن وہ آریان دت کی گیند پر وین ڈر مروا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کپتان سلمان علی آغا بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور آٹھ گیندوں پر 12 رنز بنا کر آریان دت کی گیند پر مائیکل لیوٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ بابر اعظم نے محتاط بیٹنگ کی اور 18 گیندوں پر 15 رنز بنائے تاہم وہ رولوف وین ڈر مروا کی گیند پر کائل کلین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان نے بارہ گیندوں پر آٹھ رنز اور محمد نواز نے تیرہ گیندوں پر چھ رنز سکور کیے۔
آخری اوورز میں فہیم اشرف نے شاندار پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے جبکہ شاہین شاہ آفریدی پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیدرلینڈز کی اننگز
نیدرلینڈز کی جانب سے سکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ باس ڈی لیڈے نے 30 رنز بنائے جبکہ مائیکل لیوٹ نے 24 رنز سکور کیے۔ اسی طرح سے کولن ایکرمن 20، آریان دت 13، زیک لیون کیشے نو، میکس او ڈاؤڈ پانچ اور رولوف وین ڈر مروا نے چار رنز بنائے۔
کائل کلین دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لوگن وین بیک اور پال وین میکرین صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے تین، محمد نواز، ابرار احمد، صائم ایوب نے دو دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔












