Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ذاتی زندگی میں ڈری سہمی نہیں، پر اعتماد لڑکی ہوں'

حبا بخاری کو ڈرامہ ’تھوڑی سی وفا‘ میں اداکاری پر ایوارڈ ملا تھا۔ فوٹو: فیس بک
حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’تڑپ’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ حبا بخاری کہتی ہیں کہ کسی بھی کردار کو کرنے سے پہلے سکرپٹ کو بار بار پڑھتی ہیں کہ ہر سین ان کی نظروں کے سامنے آجاتا ہے اور ان کے لیے وہ کردار نبھانا آسان ہو جاتا ہے۔
اردونیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں حبا بخاری نے کہا کہ وہ ایسے کرداروں کاانتخاب کرتی ہیں جو انہیں ان کے ’کمفرٹ زون‘ سے نکالیں۔
’ایسے کردار جو خود دیکھنا پسند ہوں انہی کو قبول کرتی ہوں اور ایسے کردار جو بطور سامعین مجھے خود دیکھنا پسند نہ ہوں، انہیں رد کردیتی ہوں۔‘
حبا بخاری کا کہنا ہے کہ وہ کچھ عرصہ تھیٹر میں بھی کام کر چکی ہیں جہاں انہیں اداکاری کے رموز و اوقاف سیکھنے کا موقع ملا۔
’تھیٹر میں کام کرنے کا انداز مختلف دیکھا، چھ چھ ماہ ریہرسلز ہوتی دیکھیں، اچھی بات یہ ہے کہ یہاں کام کا ریسپانس ساتھ ساتھ ملتا ہے جب پوری کاسٹ سامعین کے سامنے کھڑی ہوتی ہے تو ان کی تالیوں کی گونج بتاتی ہے کہ اداکاروں کی چھ ماہ کی محنت کتنی رنگ لائی۔‘
حبا بخاری کو لوگوں سے شکایت ہے کہ وہ ’افیئرز‘ اور طلاق والے ڈراموں کو خود ریٹنگ دیتے ہیں تو مجبوراً پروڈیوسرز کو ایسے ہی ڈرامے بنانے پڑتے ہیں، اگر کلاسک ڈرامہ بنا کر رکھ دیا جائے تو لوگ بور ہوجائیں گے۔
’ارطغرل کو لوگوں نے اس لیے دیکھا کیونکہ وہ باہر سے بن کر آیا تھا اگر یہاں بنا ہوتا تو لوگ یقیناً کہتے کہ یہ کیا بنایا ہے۔‘

حبا بخاری کچھ عرصہ تھیٹر میں بھی کام کر چکی ہیں۔ فوٹو: فیس بک

حبا نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر اچھے اور برے تبصرے پڑھ کر لطف اندوز ہوتی ہیں، ’زیادہ تر اچھے کمنٹس پڑھنے ہی کو ملتے ہیں لیکن برے کمنٹس پڑھ کر غصہ نہیں آتا۔‘
حبا کو فلموں کے لیے بہت آفرز آئیں لیکن کردار پسند نہ آنے کی وجہ سے کوئی آفر قابل عمل نہیں ہو سکی، کہتی ہیں کہ اگر انہیں کوئی اچھا کردار ملا تو وہ اپنی شرائط کے مطابق فلم ضرور کریں گی۔
'بچپن سے اداکارہ بننے کی خواہش تھی، مجھے خوشی ہے کہ میرا شوبز میں آنے کا فیصلہ اچھا ثابت ہوا۔‘
حبا کے مطابق ہر اداکار کو کوئی نہ کوئی پسند کرنے والا ضرور ہوتا ہے لہٰذا کسی بھی اداکار کو اوور ریٹڈ کہنا زیادتی ہے۔
حبا اپنے ڈرامے خود ضرور دیکھتی ہیں، کہتی ہیں کہ شوٹنگ سے واپس آکر اپنا ڈرامہ دیکھنے کا مقصد کام میں مزید بہتری لانا ہے، ہر انسان اپنا نقاد خود ہوتا ہے، خود کو بہتر انداز میں درست سمت میں لے جاسکتا ہے، بہت کم لوگ دوسروں کی بات سے سیکھتے ہیں

حبا بخاری کو ایسے کردار پسند ہیں جو انہیں ’کمفرٹ زون‘ سے نکالیں۔ فوٹو: فیس بک

حبا آج کل ڈرامہ سیریل ’افیئر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی بھی ان کے دوسرے ڈراموں کی طرح منفرد ہے۔ اس ڈرامے کی کاسٹ میں فیصل قریشی، کرن حق اور وہاج بھی شامل ہیں۔
’بابر علی اور شامل خان کے ساتھ کام کر کے احساس ہوا کہ فلم کے آرٹسٹ کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، ان کے کام کرنے کا انداز ہی الگ ہوتا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ عام زندگی میں ڈری سہمی نہیں بلکہ پر اعتماد ہیں۔
حبا بخاری کا کہنا تھا کہ انہیں ڈرامہ سیریل ’تڑپ‘ میں ڈری سہمی لڑکی کا کردار ادا کر کہ بہت اچھا لگا تھا۔
’لیکن جب یہ کردار آفر ہوا تو لگا کہ شاید یہ بھی روایتی کردار ہے، لیکن جب کیا تو پتا چلا کہ یہ تو کردار آسان ہے ہی نہیں اور نہ ہی روایتی ہے۔

حبا بخاری آئندہ آنے والے ڈرامے ’افیئر‘ میں فیصل قریشی کے ساتھ نظر آئیں گی۔ فوٹو: فیس بک

حبا کہتی ہیں کہ انہوں نے منفی مثبت ہر طرح کے کردار ادا کیے اور ہر کردار سے لطف اندوز ہوئیں۔
'اس شعبے میں جب سے آئی ہوں مجھے کبھی ہراسمنٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی میں نے کبھی ایسا کچھ کہیں محسوس کیا، بلکہ یوں کہیے کہ مجھے تو یہاں اچھے لوگ ہی ملے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سیٹ پر اپنے کردار کو لے کر ڈائریکٹر اور سکرپٹ کے مصنف کو اپنی رائے ضرور دیتی ہوں تاکہ کام میں بہتری آسکے۔
حبا کے مطابق انہوں نے کبھی محبت نہیں کی وہ فی الحال  صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک اپنا کیریئر بنانے میں مشغول ہیں۔

شیئر: