استنبول ....... اونٹ بالعموم سیدھا سادا جانور کہلاتا ہے۔ مگر اونٹ رے اونٹ تیری کونسی کل سیدھی کا محاورہ جو عام ہوا ہے اسکی بھی کوئی نہ کوئی وجہ رہی ہوگی۔ ماہرین کا کہناہے کہ یہ جانور انتہائی کینہ توز ہوتا ہے اور کب کس وقت کیسی کارروائی کرے اس کے بارے میں پیشگوئی کرنا ناممکن ہے۔ اسی حوالے سے ایک واقعہ خاص طور پر قابل ذکر ہے جب ایک اونٹ نے ایک کسان کو ٹانگ سے پکڑ کر ہوا میں اچھال دیا اور وہ دور جاگرا۔ یہ عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب جتین ایلدم ایک ٹیلیویژن ٹیم کو اونٹوں کی افزائش نسل کے بارے میں انٹرویو دے رہا تھا۔ ٹی وی عملے سے بات چیت کے دوران وہ محبت سے اپنے اونٹ کے سرپر ہاتھ پھیرتا رہا لیکن اس محبت کا انتہائی غیر متوقع جواب اونٹ نے اس طرح دیا کہ اپنے جبڑے میں اسکی ایک ٹانگ پکڑی اور زور دار جھٹکے سے اسے دور پھینک دیا۔ یہ واقعہ جنوبی ترکی کے سمنداغ علاقے میں پیش آیا۔ ٹی وی ٹیم کے کیمرہ مین بھی عجیب و غریب صورتحال دیکھ کر پریشان ہوگیا اور اس نے عکس بندی چھوڑ کر کسان کی مدد کا فیصلہ کیا جو بری طرح زخمی ہوچکا تھا۔ کسان کو اب اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔