العربیہ نیوز چینل نے اپنا آپریشن دبئی سے ریاض منتقل کردیا
اتوار 20 جولائی 2025 11:41
’العربیہ نیٹ ورک نے دبئی سے مرحلہ وار منتقلی کا آغاز 2021ء میں کیا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
العربیہ چینل نے اپنی تمام ادارتی، انتظامی اور آپریشنل سرگرمیاں سعودی عرب منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
العربیہ کے مطابق آج ہفتے سے چینل اپنی روزمرہ نشریات ریاض کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ہیڈکوارٹر سے انجام دے گا۔
العربیہ نیٹ ورک نے دبئی سے مرحلہ وار منتقلی کا آغاز 2021ء میں کیا تھا جس کے بعد نومبر 2023ء میں الحدث نیوز چینل کی مکمل منتقلی عمل میں آئی۔
اس حکمت عملی کو آئندہ برسوں میں تیز تر ترقی کے ایک مؤثر موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
العربیہ نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل ممدوح المہینی نے مکمل منتقلی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی لمحہ اور فیصلہ کن تبدیلی قرار دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ محض جغرافیائی تبدیلی نہیں بلکہ ایک معیار ساز قدم ہے جس نے العربیہ کو خطے کے سیاسی و اقتصادی مرکز میں لا کھڑا کیا ہے‘۔
’ اس سے ہمیں جدید انفراسٹرکچر، ماہر افرادی قوت اور مزید ترقی و جدت کے مواقع میسر آئیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہاہے کہ’ الحدث چینل کی منتقلی اس وژن کی عملی مثال ہے جس نے ادارتی معیار اور کوریج کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی‘۔