ریاض میں تعمیراتی ملبے سے سڑکیں تعمیر کرنے کا اینیشیٹو
اتوار 20 جولائی 2025 11:58
’عمارتوں کے ملبے سے حاصل ہونے والے مواد کو سفالٹ مکسچر میں استعمال کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
روڈ جنرل اتھارٹی اور ریاض میونسپلٹی نے عمارتوں کے ملبے سے سڑکیں تعمیر کرنے کے اینیشیٹو کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس اقدام کے تحت عمارتوں کے ملبے سے حاصل ہونے والے مواد کو سفالٹ مکسچر میں استعمال کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا اور دستیاب وسائل سے فائدہ اٹھانا ہے۔
روڈ جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’یہ اینیشیٹو زیادہ مؤثر اور ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے والی انفرا اسٹرکچر کی ترقی میں معاون ہوگی‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’تعمیراتی اور انہدامی ملبے کا انتظام ملک کی سرکلر اکانومی کی جانب منتقلی کے منصوبے کا حصہ ہے جس کا ہدف ہے کہ 2035 تک ایسے ملبے کا 60 فیصد حصہ ری سائیکل کیا جائے‘۔
اتھارٹی نے اس اقدام کو سعودی عرب کے وژن کی عملی تصویر قرار دیا جس کے تحت ماحولیاتی چیلنجوں کو تخلیقی مواقع میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ملبے کے ڈھیر سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اثرات میں کمی، خام مواد پر انحصار میں کمی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی لاگت میں کمی اور بنیادی ڈھانچے کی مؤثریت میں اضافہ متوقع ہے۔
اتھارٹی نے یہ بھی بتایا کہ اس قسم کی پہل اس سے قبل جدہ اور الاحسا میونسپلٹی کے ساتھ مل کر بھی کی جا چکی ہے اور اب اس منصوبے کو نئے مقامات پر وسعت دینے کا ارادہ ہے۔