Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین برسوں میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 33 ارب ریال کی تجارت

لائسنس حاصل کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کی تعداد بڑھی ہے۔( فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی عرب میں وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران سعودی عرب اور پاکستان نے 33 ارب ریال کا تجارتی لین دین کیا ہے۔ ان میں سے 9 ارب ریال کا کاروبار 2020 کے دوران ہوا حالانکہ یہ دنیا بھر میں کورونا وبا کے اثرات والا سال تھا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے معدنیات، تیل، پٹرول کیمیکل، کھالوں، ملبوسات، غلہ جات، گوشت اور اس سے بنی اشیا  کا کاروبار کیا ہے۔ 
سعودی خبرساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری نے  پاکستان، سعودی اعلی رابطہ کونسل کے قیام کے حوالے سے کہا کہ اس کی بدولت دونوں برادر ملکوں کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ تجارتی معاملات مضبوط ہوں گے اور اقتصادی شرح نمو کے وسیع افق کھلیں گے۔ 
 رابطہ کونسل کی بدولت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ 
خالد الفالح کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امن و استحکام موجود ہے۔ یہاں سرمایہ کاری کا پرکشش ماحول ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران یہاں غیرملکیوں نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ 2020 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کا ماحول 20 فیصد سے زیادہ بہتر ہوا- کورونا وبا کے مسائل سے کم ہونےکے بجائے بڑھ گیا۔ 2020 میں یہاں غیرملکی کمپنیوں کی تعداد 1278 تک پہنچ گئی۔ 2019 کے مقابلے میں تیرہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 
 سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاری کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2020 کے دوران مملکت میں سرمایہ کاری کے لائسنس حاصل کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزارت سرمایہ کاری نے پاکستان کی 52 کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے جبکہ 2019 میں 24 لائسنس جاری کیے گئے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی سرمایہ  کار سعودی عرب میں موجود سرمایہ کاری کے امکانات سے استفادہ کررہے ہیں اور استفادہ کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
وزارت سرمایہ کاری نے اعدادوشمار جاری کرکے بتایا کہ سعودی عرب میں سرمایہ لگانے والی پاکستانی کمپنیوں کی تعداد 362 ہوچکی ہے۔ ان میں سے  19 فیصد مشترک ہیں جبکہ 79 فیصد کمپنیاں سو فیصد پاکستانیوں کی ملکیت ہیں۔
وزارت سرمایہ کاری کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرمایہ  کار تعمیرات اور امدادی صنعتوں کے شعبے میں زیادہ آگے بڑھ رہے ہیں۔ 148 تعمیرات اور 124 امدادی صنعتوں کی کمپنیاں ہیں۔ ان کے بعد مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ریٹیل و تھوک کے کاروبار کی کمپنیاں ہیں۔ 
جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو وہاں کئی اہم سعودی کمپنیاں کاروبار کررہی ہیں۔ ان میں پیٹرومین، الجمیع، فار انرجی اینڈ واٹر کمپنی، صافولا کمپنی، اکوا پاور کمپنی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی بڑی سعودی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع سے استفادے کی تیاریاں کررہی ہیں۔ 

شیئر: