Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے: حماد اظہر کی سعودی سفیر سے گفتگو

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سعودی سفیر کو نئی ریفائنری لگانے کے حوالے سے بتایا (فوٹو: وزارت توانائی)
پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ہے۔
منگل کو اس ملاقات میں پاکستان میں توانائی بالخصوص آئل ریفائنری کے شعبے میں سرمایہ کاری اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت توانائی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور و پیٹرولیم تابش گوہر اور سیکرٹری پاور ڈویژن بھی موجود تھے۔

 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت، اقدار اور  روایات پر مبنی ہیں جن کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں توانائی کے شعبے میں جاری تعاون کے حوالے سے حماد اظہر نے کہا کہ ’پاکستان میں نئے ریفائنری کے قیام کے لیے موزوں ترین وقت اور ماحول ہے۔‘
اس موقع پر معاون خصوصی برائے پاور و پیٹرولیم نے سعودی سفیر کو نئی مجوزہ ریفائننگ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔
انھوں نے بتایا کہ ’حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مراعاتی اقدامات متعارف کرانے جا رہی ہے۔‘
’نئی مجوزہ ریفائننگ پالیسی میں پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور ٹیرف سے متعلق مراعات شامل ہوں گی۔‘
سعودی سفیر کی حماد اظہر کو توانائی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ موجودہ گہرے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔‘
انھوں نے وزیر اعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب اور اس دورے میں ہونے والی ملاقاتوں اور مختلف امور پر متوقع پیش رفت بارے بھی آگاہ کیا۔

شیئر: