پاکستان کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کا خیرمقدم
پاکستان نے امریکہ کی جانب سے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
خیال رہے امریکی امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سرگرم عسکریت پسند گروہ بلوچ لبریشن آرمی اور اس کی ذیلی تنظیم ’مجید بریگیڈ‘ کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
منگل کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 18 جولائی 2024 کو مجید بریگیڈ کو کالعدم قرار دیا تھا اور یہ دونوں تنظیمیں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہیں۔
بیان کے مطابق ’جعفر ایکسپریس اور خضدار بس پر حملے بھی انہی تنظیموں نے کیے۔‘
دفتر خارجہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پاکستان دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
کوشش ہو گی بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پر اقوام متحدہ سے بھی پابندی لگوائیں: بلاول بھٹو
علاوہ ازیں منگل کو حیدر آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظمیں قرار دیے جانے کو پاکستان کے موقف کی تائید قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوشش ہو گی کہ ان پر اقوام متحدہ سے بھی پابندی لگوائیں۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان تنظیموں نے انڈیا کے ساتھ پاکستان کی پانچ روزہ جنگ کے دوران مودی حکومت کا ساتھ دیا۔
ان کے مطابق ’یہ تنظیمیں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں، ان کو دہشت گرد قرار دیا جانا بہت بڑی کامیابی ہے۔‘