Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک اور اعزاز، دبئی میں دنیا کا سب سے گہرا سوئمنگ پول

ایک گھنٹے کی غوطہ خوری کی قیمت 135 ڈالر سے لے کر 410 ڈالر کے درمیان ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی جو دنیا کی بلند ترین عمارت کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈز کی حامل ہے، نے تیراکی کے شوقین افراد کے لیے دنیا کا سب سے گہرا سوئمنگ پول بنایا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو گینز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ ’ڈیپ ڈائیو دبئی‘ جو بدھ کو کھلا ہے اور جہاں ابتدائی طور پر صرف دعوت نامے پر جانے کی اجازت ہے، فخریہ طور پر خود کو ’دنیا میں واحد غوطہ خوری کی سہولت‘ قرار دیتا ہے جہاں آپ 60 میٹر (تقریباً 200 فٹ) تک گہرائی میں جا سکتے ہیں۔ یہ کسی بھی پول سے 15 میٹر زیادہ گہرائی ہے۔

دبئی کے اس سوئمنگ پول کی گہرائی 60 میٹر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس میں ایک کروڑ 46 لاکھ لیٹر تازہ پانی ہے جو چھ اولمپک سائز کے سوئمنگ پولز کے برابر ہیں۔
روشنیوں اور موسیقی کے ساتھ غوطہ خور نچلے حصے میں ٹیبل فٹ بال اور دیگر کھیل کھیل سکتے ہیں اور ساتھ ہی ’لوگوں سے خالی ڈوبے ہوئے شہر‘ کی بھی تلاش کر سکتے ہیں۔

 یہاں غوطہ خوری کے دوران ’لوگوں سے خالی ڈوبے ہوئے شہر‘ کی تلاش بھی کی جا سکتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

سوئمنگ پول میں تفریحی اور حفاظت کی غرض سے 50 کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
یہاں ایک گھنٹے کی غوطہ خوری کی قیمت 135 ڈالر سے لے کر 410 ڈالر کے درمیان ہے اور اسے عوام کے لیے بھی جلد ہی کھول دیا جائے گا۔

سوئمنگ پول میں تفریحی اور حفاظت کی غرض سے 50 کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

’ڈیپ ڈائیو دبئی‘ کے ڈائریکٹر جیرڈ جبلونسکی، جن کا تعلق امریکی ریاست فلوریڈا سے ہے، کا پول کے سٹرکچر کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’ سیپ کے سائز کا ڈھانچہ متحدہ عرب امارات کی موتی ڈھونڈنے والی روایت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جس کا دبئی بھی رکن ہے۔

سوئمنگ پول کو جلد ہی عوام کے لیے کھول دیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

دبئی جو اکتوبر میں تاخیر کا شکار ہونے والے ایکسپو 2020 کی میزبانی کرے گا، گذشتہ سال جولائی میں دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ اس نے کورونا وائرس کے خلاف دنیا کی سب سے تیز رفتار ویکسینیشن مہم کا انعقاد کیا ہے۔

شیئر: